اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ دوسروں کی خوشیوں میں شریک ہوں اور عید کے پرمسرت موقع پر اختلافات اور نفرتیں بھلا کر ایک قوم کی طرح خوشیاں منائیں۔
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے عید الفطر کے موقع پر پیغام میں تمام اہل وطن کو دل کی گہرائیوں سے عید الفطر کی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ انتشار، نفرت اور تقسیم سے دور رہیں، اپنے پیارے وطن اور سر سبز زمین کا ماں سمجھ کر خیال کریں۔
انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر سیر و تفریح کے مقامات پر پلاسٹک کی بوتلوں اور تھیلیوں کے استعمال سے گریز کریں، گلیوں اور شاہراہوں پر کوڑا اور کچرا پھیکنے سے گریز کریں کیوں کے کچرے سے ہی آلودگی پھیلتی ہے، پانی کا احتیاط سے استعمال کریں، پھول اور درخت لگائیں، عید کی خوشیاں منانے باہر نکلیں تو ہیٹ ویو سے بچنے کے احتیاتی تدابیر پر عمل کریں۔