تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل کے دارالحکومت میں ایک چاقو بردار شخص 3 افراد کو قتل اور 4 کو زخمی کرنے کے بعد سہولت کاروں کے ہمراہ گاڑی میں فرار ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر میں اجتماعات منعقد کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ اسی دوران ایک چاقو بردار شخص نے گاڑی سے اتر کر مختلف مقامات پر شہریوں پر حملہ کردیا۔
چاقو بردار شخص کے حملے میں 3 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
چاقو بردار شخص حملے کے بعد سہولت کاروں کے ہمراہ گاڑی میں فرار ہوگیا جس کی تلاش کے لیے سیکیورٹی فورسز کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ جگہ جگہ ناکے لگائے گئے اور ہیلی کاپٹر بھی گشت کرتا رہا تاہم حملہ آوروں کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
اسرائیلی حکام نے شُبہ ظاہر کیا ہے کہ چاقو بردار حملہ آور عسکریت پسند تھا۔ اسرائیل میں دو ماہ کے دوران چاقو سے حملوں میں دس کے قریب یہودی ہلاک ہوچکے ہیں۔ یہ حملے فلسطینی نوجوانوں نے کیے تھے۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔