نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت سے ایک حیران کن خبر آئی ہے جہاں پر ایک بندر قتل کیس کے تمام ثبوت لیکر فرار ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان میں پولیس نے قتل کیس کی سماعت کرنے والی عدالت کے سامنے ایک عجیب و غریب وضاحت پیش کی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ایک بندر کیس میں جمع کیے گئے شواہد لے کر بھاگ گیا تھا بندر جو شواہد لیکر فرار ہوا اُن میں قتل کا ایک ہتھیار (ایک چاقو) بھی شامل تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جے پور کے چندواجی علاقے کے ششی کانت شرما کی موت کی تحقیقات کر رہی ہے جوکہ 2016 میں ہوئی تھی۔ مسٹر شرما کے اہل خانہ نے الزام لگایا تھا کہ ان کا قتل کیا گیا جس کے لیے اُنہوں نے احتجاج بھی کیا تھا۔
احتجاج کے بعد پولیس نے پانچ دن بعد دو لوگوں راہول اور موہن لال کو گرفتار کیا تھا۔ انہیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ قتل کے ہتھیار سمیت تمام شواہد پر مشتمل بیگ کو پولیس اسٹیشن میں ایک درخت کے نیچے رکھا گیا تھا۔
مقدمے کی سماعت کئی سالوں میں کئی مراحل سے گزری اور جب حال ہی میں عدالت نے پولیس سے ثبوت پیش کرنے کو کہا تو انہوں نے کہا کہ ثبوت کو بندر نے چرالیا۔
پولیس نے عدالت میں ایک تحریری بیان دیتے ہوئے بنچ کو مطلع کیا کہ ان کے پاس موجود ثبوت چوری ہو گئے ہیں۔