کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران خان جیسا نالائق وزیر اعظم کبھی نہیں آیا۔
وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسجد نبویﷺ میں ہونے والے واقعہ کی مذمت کرتا ہوں اور پاک سرزمین پر ایسی حرکت بری سوچ والے ہی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو آئین و قانون کے تحت ہٹایا گیا جبکہ عدلیہ اور اسٹبلشمنٹ نے آئین اور قانون کے مطابق کردار ادا کیا۔ عدم اعتماد جب جمع ہوا تو عمران خان نے شکر ادا کیا، وہ کہتے ہیں گزشتہ سال جولائی میں ان کو عدم اعتماد کا پتہ تھا۔
سعید غنی نے کہا کہ عمران خان کو فوج اچھی لگتی ہے نہ ہی میڈیا۔ انہیں تو سیاسی جماعتیں بھی اچھی نہیں لگتیں۔ عمران خان جیسا نالائق وزیر اعظم پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں آیا اور عمران خان اپنی نااہلی سے بچنے کے لیے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نظر میں ملک کے 70 فیصد ووٹرز نے جن کو ووٹ دیا وہ غدار ہیں۔ کیا نااہلی، ہٹ دھرم اور انا پرست عمران خان محب وطن اور باقی غدار ہیں ؟ ملک کے لیے اس وقت سب سے زیادہ خطرہ عمران خان ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ایکشن پلان میں عدم اعتماد کا آپشن شامل نہیں تھا اور عمران خان اس وقت ملک کے لیے سب سے زیادہ سیکیورٹی تھریٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے اسمبلیاں توڑنے اور نئے انتخابات کا مطالبہ کیا تو عمران خان نہ مانے، عدم اعتماد سے پہلے عمران خان اسمبلیاں توڑ کر الیکشن کرا سکتا تھا لیکن سابق وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے آئین کو پامال کیا ہے۔ ان لوگوں کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہیے اور اس وقت ہمیں ان لوگوں کو نشان عبرت بنانا چاہیے۔