براسیلیا: (ویب ڈیسک) برازیل کے ایک کسان نے اس وقت گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرالیا جب اس کے کھیت میں پپیتے کا ایک درخت 47 فٹ اور 8.83 انچ لمبا ناپا گیا۔
ٹارسیسیو فولٹز نے کہا کہ انہوں نے 2021 کے اوائل میں دیکھا کہ ان کی کھیت میں پپیتے کا ایک درخت غیر معمولی طور پر بڑا ہے، اس لیے انہوں نے ایک دوست جو کہ کھیت کے سابق مالک بھی ہیں، گلبرٹو فرانز کو ڈرون کے ذریعے اس کی پیمائش کرنے کے لیے مدعو کیا۔
دونوں نے پیمائش کو سرکاری سطح پر شناخت کرانے کے لیے ماہرین کی ایک ٹیم کو بلایا اور درخت کی اونچائی 47 فٹ اور 8.83 انچ ریکارڈ کی گئی۔
فولٹز کے درخت نے پپیتے کے سب سے بلند ترین درخت کا پچھلا گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا جو ہندوستان میں اگایا گیا تھا جس کی اونچائی 46 فٹ، 2.33 انچ تھی۔
فولٹز نے کہا کہ وہ جانتے تھے کہ گنیز ورلڈ ریکارڈز کی دستاویزات میں بڑے نمایاں کارنامے درج ہیں۔ اس لیے انہوں نے اسے سنجیدگی سے لیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ مجھے پوری دنیا کے سب سے اہم ادارے کے ذریعہ تسلیم شدہ ریکارڈ ہولڈر ہونے پر بہت خوشی اور فخر ہے۔