بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں مسافر بردار طیارہ اڑان سے قبل ہی حادثے کا شکار ہوکر آگ لپیٹ میں آگیا، جس کے نتیجے میں مسافر زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق طیارہ حادثہ جمعرات کے روز چین کے شہر چونگ گنگ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آیا، جس کے بعد ’تبت ایئرلائنز‘ کے مسافروں سے بھرے ہوئے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی۔
طیارہ ’اے 319‘ اندرون ملک پرواز کے سلسلے میں تبت ریجن کے صدر مقام لاسا جانے کے لیے اڑان بھرنے والا تھا کہ اچانک رن وے سے اتر گیا۔
حادثے کے نتیجے میں طیارے میں ہولناک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث جہاز میں سوار متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔
حادثے کے وقت طیارے میں 113 مسافر اور عملے کے 9 افراد سوار تھے، جن میں سے 36 افراد کو معمولی زخم آئے۔
ایئرپورٹ حکام نے حادثہ رونما ہوتے ہی رن وے کو فلائٹس کےلیے بند کردیا جب کہ زخمی مسافروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔