اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید نے ملک ریاض کی ’عمران خان‘ کا پیغام آصف زرداری کو پہنچانے کی مبینہ آڈیو پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
پرویز رشید نے کہا کہ ہمیں ہر وقت گالیاں نکالنے والوں کو مبارک ہو کہ اُن کے ہینڈ سم عمران خان، آصف زرداری سے ملک ریاض کے ذریعے معافیاں مانگ رہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ معافی مانگنے پراعتراض نہیں ہے، حیرت ہے کہ ایک نام نہاد صادق و امین ایک مبینہ ملزم سے معافیاں مانگ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک کے نامور پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کی ’عمران خان‘ کا پیغام سابق صدر آصف زرداری کو پہنچانے کی مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی۔مبینہ آڈیو میں فون ریسیو ہونے پر آصف زرداری کہتے ہیں کہ ’ہیلو‘، اس پر ملک ریاض کہتے ہیں کہ ‘السلام علیکم سر‘، سابق صدر جواب میں کہتے ہیں کہ ‘وعلیکم السلام، خیریت؟‘
اس کے بعد ملک ریاض کہتے ہیں کہ ’سر بس بتانا تھا، میں نے پہلے بھی آپ کو بتایا تھا، باتیں آپ سے کرنی ہیں، آپ نے کہا تھا بعد میں کریں گے، آپ کو انفارمیشن دینی تھی، خان کی طرف سے مجھے بڑے میسجز تھے کہ پیچ اپ کروا دیں آپ کے ساتھ، آج تو اس نے مجھے بہت ہی میسجز کیے‘۔
اس کےجواب میں سابق صدر کہتے ہیں کہ ’اب امپاسیبل ہے نہ‘۔ اس کے جواب میں ملک ریاض کہتے ہیں کہ نہیں ٹھیک ہے، بس آپ کے سامنے بات رکھ دوں۔
گفتگو کے دوران آصف زرداری مسلسل کھانستے ہوئے بھی سنائی دیے۔
سامنے آنے والی گفتگو کس دن کی ہے؟ تاریخ کا حتمی علم نہیں لیکن تجزيہ کار کہتے ہيں کہ اگر یہ عدم اعتماد کے دنوں کی گفتگو ہے تو بہت اہمیت کی حامل ہے۔