لاہور : (ویب ڈیسک) پنجاب کے مختلف شہروں میں باران رحمت سے موسم خوشگوار ہو گیا، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے موسم کو حسین بنا دیا، موسم کا حال بتانے والوں نے آج بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کر دی۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارشیں برسیں، لاہور اور گوجرانوالہ میں جل تھل ایک ہو گیا، راولپنڈی میں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔ مری،گلیات،بالا کوٹ، راولا کوٹ اور باغ میں مینہ برسا۔ میانیوالی، جھنگ، قائد آباد میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ صفدرآباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم سہانا بنا دیا۔ جھنگ، چنیوٹ اور گردونواح میں صبح سویرے بادل کھل کر برسے۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا میں مزید بادل برسیں گے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔
