لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں نارووال سے لاہور کے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اُن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے
ریسکیو ذرائع کے مطابق دانیال عزیز شکر گڑھ نارووال روڈ پر عازم سفر تھےکہ بجھنہ سٹاپ پر گاڑی کو حادثہ پیش آیا، ان کی گاڑی مزدہ ٹرک سے ٹکرا گئی، حادثے میں دانیال عزیز زخمی ہوئے۔ ان کا چہرہ شدید متاثر ہوا، ٹریفک حادثے میں ٹرک ڈرائیور جاں بحق ہو گیا جبکہ دیگر چار افراد بھی شدید زخمی ہوئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نارووال منتقل کردیا تھا تاہم بعد ازاں لاہور کے سروسز ہسپتال بھوا دیا گیا۔
خواجہ سلمان رفیق کے مطابق دانیال عزیز ہوش میں ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پروفیسر ہاشمی دانیال عزیز کا علاج کر رہے ہیں جبکہ آج دانیال عزیز کی سرجری کا امکان ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے راہنما دانیال عزیز کے روڈ حادثے میں شدید زخمی ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ان کی اہلیہ سے فون پر رابطہ کر کے صحت یابی کی دعا کی،انہوں نے صحت یابی تک متعلقہ حکام کو علاج معالجے کے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت بھی کی۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لیگی رہنما دانیال عزیز کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائے۔