کراچی : (ویب ڈیسک) اداکارہ اُشنا شاہ کا عامر لیاقت حسین کی قبرکشائی کے عدالتی حکم پر ردعمل سامنے آگیا۔
کراچی کی مقامی عدالت نے کچھ دن قبل انتقال کر جانے والے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کا حکم دیا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے متعلق فریقین کے دلائل سننےکے بعد 18 جون کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، عدالت نے شہری عبدالاحد کی جانب سے دائر درخواست منظور کرتے ہوئے عامرلیاقت کے پوسٹ مارٹم کی اجازت دے دی ہے تاکہ عامر لیاقت کی موت کی وجہ پتہ چل سکے۔
اس حوالے سے اداکارہ اشنا شاہ نے ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے عامر لیاقت حسین کی قبر کشائی کی مخالفت کی ہے۔اداکارہ نے کہا کہ ‘قبر کشائی سے عامر لیاقت حسین کا جسدِ خاکی نکالنا، اُن کے بچوں کو مزید اذیت دے گا، وہ پہلے ہی کافی مشکلات سے گزر چکے ہیں’۔
واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کا تحریری حکم نامے میں کہنا تھا کہ ورثاء کا مؤقف ہےکہ پوسٹ مارٹم سے عامرلیاقت کی قبرکی بے حرمتی ہوگی،کوئی شک نہیں کہ ورثاء عامر لیاقت کی قبر کے وارث ہیں تاہم موت مشکوک ہو اور جرم کا بھی خدشہ ہو تو انصاف کے نظام کو حرکت میں آناچاہیے۔