تازہ تر ین

سندھ بلدیاتی انتخابات: مزدور کی بیٹی پی پی امیدوار کو ہرا کر توجہ کا مرکز

لاہور: (ویب ڈیسک) سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے میدان مار لیا مگر اس الیکشن کی خاص بات یہ رہی کہ ایک مزدور کی بیٹی نے حکمران جماعت کے امیدوار کو شکست دیکر توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔
خیال رہے کہ سندھ میں اتوار کو بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ضلع کونسلز، میونسپل کمیٹیوں، ٹاؤن کمیٹیوں اور یونین کونسلز کے لیے انتخابات ہوئے، بلدیاتی انتخاب کے اس پہلے مرحلے میں پاکستان پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ عام نشستوں پر خواتین امیدوار نہ ہونے کے برابر تھیں تاہم بعض خواتین آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب لڑیں، ان انتخابات میں نشستوں کی تعداد 7164 تھی جن میں سے ایک ہزار سے زائد نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے جبکہ باقی 6083 نشستوں پر ساڑھے 24 ہزار کے قریب امیدوار میدان میں تھے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق خیرپور کی یونین کونسل جیلانی سے کونسلر کی جنرل نشست پر کامیاب ہونے والی آزاد امیدوار پروین شیخ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ہرایا، 6 بچوں کی ماں پروین شیخ ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتی ہیں، ان کے والد پہلے گدھا گاڑی چلاتے تھے آج کل وہ بازار میں بچوں کے کھانے پینے کی اشیا فروخت کرتے ہیں جبکہ پروین کے شوہر ایک وفاقی ادارے میں نچلی سطح پر ملازم ہیں، پروین نے خود پرائمری تک تعلیم حاصل کی ہے تاہم مقامی سطح پر فلاحی کاموں سے منسلک رہی ہیں۔
اس حوالے سے پروین نے انٹرویو میں بتایا کہ جب غریبوں کی حالت دیکھتی تھی تو مجھے دکھ ہوتا تھا اور سوچتی تھی کہ ان کی کیسے مدد کروں، پھر میں نے سوچا کہ سیاست کے ذریعے ہی ان کی مدد کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ پروین شیخ ضلع خیرپور کے علاقے سلیم آباد سے وارڈ کے الیکشن میں 430 ووٹ لے کر کامیاب ہوئی ہیں جبکہ ان کے مخالف امیدوار صرف 190 ووٹ لے سکے۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain