اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے راوی اور چناب میں سیلابی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش سے دریائے راوی اور دریائے چناب کے 11 نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔ دریائے راوی اور چناب میں پانی کے تیز بہاؤ کی توقع ہے۔
ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی وجہ سے گوجرانوالہ ڈویژن کے متاثر ہونے کا امکان ہے جبکہ گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال اور شیخوپورہ کے بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تمام اضلاع کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں جبکہ پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کا عملہ 24 گھنٹے الرٹ رہے گا۔
