لاپور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں ڈینگی کی صورتحال پر جائزہ اجلاس آج لاہور میں منعقد ہوا
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈینگی کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات کرنے کی تاکید کی.
وزیراعظم شہباز شریف نے چیف سیکرٹری پنجاب کو خصوصی کمیٹی بنانے کی ہدایت کی جو 36 اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ڈینگی کے تدارک کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس امر پر خصوصی زور دیا کہ ڈینگی کے خلاف مرحلہ وار اقدامات میں ضلعی انتظامیہ کا کلیدی کردار ہے اس لیے ضلعی انتظامیہ کو پیشہ ورانہ تربیت یافتہ عملے اور جدید فنی طریقوں کو اپناتے ہوئے ڈینگی کے خلاف جنگی بنیادوں پر مؤثر طریقے سے انتظامات کرنے کی ضرورت ہے.
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈینگی وباء کی شروعات میں پاکستان عالمی سطح پر ڈینگی کے خلاف خاطر خواہ کامیابی سے نبرد آزما تھا کارکردگی کے اسی پیمانے کو دوبارہ فعال کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈینگی سے بچاؤ کی عوامی آگاہی مہم اور عوامی مقامات پر حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب, سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ پنجاب , سیکرٹری ایگریکلچر پنجاب , سیکرٹری آبپاشی پنجاب , سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب ،کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے.