لاہور: (ویب ڈسیک) تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا ہے کہ آصف زرداری دبئی میں ہیں، ملک کی ایک اہم شخصیت بھی دبئی میں موجود ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ آصف علی زرداری کو فوری الیکشن کیلئے آمادہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالات، نظائر اور قرائن بتاتے ہیں کہ آصف زرداری کو راضی کر لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف ملک میں فوری عام انتخابات چاہتی ہے جبکہ اتحادی حکومت کا مؤقف ہے کہ حکومت کو مدت پوری کرنی چاہیے۔
اس حوالے سے گزشتہ روز یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اسٹیبلشمنٹ کی ’نرم مداخلت‘ کے ذریعے جلد مذاکرات شروع ہونے اور اکتوبر میں ملک میں عام انتخابات ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
17 جولائی کو ہونے والے پنجاب کے ضمنی انتخابات کے بعد ملک میں سیاسی عدم استحکام بہت گہرا ہو گیا ہے جس کے ملکی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی و معاشی عدم استحکام کے پیش نظر اسٹیبلشمنٹ ماضی کی طرح سیاستدانوں کو مذاکرات کے لیے آمادہ کرنے پر غور کر رہی ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ سیاستدانوں نے ہی کرنا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز آصف زرداری غیر ملکی ائیرلائن سے دبئی روانہ ہوئے اور یہ خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر ‘دبئی’ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، صارفین نے ملک کی موجودہ صورتحال پر آصف زرداری کے یوں دبئی جانے پر تعجب کا اظہار کیا۔
بختاور بھٹو نے بھی آصف زرداری کے دبئی روانہ ہونے کے بعد سامنے آنے والی خبروں پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
بختاور نے لکھا ‘اگر وہ جیل کے 11 سے زائد سال نہیں بھاگے تو اب کیوں بھاگیں گے؟ انہیں ہر دور حکومت میں عدالتوں کا سامنا کرنا پڑا جس میں ہمارے ڈکٹیٹر منتخب ہوئے لیکن کبھی بھاگے نہیں۔‘
آصف زرداری کی بیٹی نے والد کی دبئی آمد کی وجہ بتاتے ہوئے لکھا ‘پہلی سالگرہ ایک نانا کے طور پر وہ یہاں اپنے نواسے کے ساتھ گزارنے آئے ہیں (جو پچھلے مہینے طبی مسائل کی وجہ سے دبئی نہیں آسکے تھے)’
