اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف کی پارٹی صدارت کیلئے چار بندے آگے آچکے جن میں فواد چوہدری بھی امیدوار ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھاکہ عمران خان اوورسیزپاکستانیوں کے سامنے بے نقاب ہوگئے ہیں، بےنامی اکاؤنٹس سامنے آنے کے بعد عارف علوی کو عہدے سے مستعفی ہوجانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھاکہ اسدعمر، شاہ فرمان اور عامرکیانی کے خلاف انویسٹی گیشن ایف آئی اے کے سپرد کردی ہے، اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے 13 بےنامی اکاؤنٹس کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔
حنیف عباسی کا کہنا تھاکہ کابینہ میں معاملہ ایف آئی اے اور نیب کے سپرد کیے جانے پر بات ہوئی، پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع ہوگا، ان کو باہر نہیں جانے دیا جائے گا، 350 کمپنیوں سے آنے والے پیسوں کی تحقیقات ایف آئی کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے چہیتے ثاقب نثار نے بھی کہا تھا اگر بیان حلفی جھوٹا ثابت ہوا تو ایکشن ہوگا، تحریک انصاف کی پارٹی صدارت کیلئے چار بندے آگے آچکے ہیں، فواد چوہدری بھی پی ٹی آئی کی صدارت لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔