لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی ویلفیئر ترجیحات میں شامل ہے، ریٹائرمنٹ کے وقت اپنے گھر کی چھت سرکاری ملازمین کا حق ہے، پلاٹ اور گھر ملازم کی ضرورت بھی ہے اور حق بھی ہے۔
چودھری پرویزالٰہی کے زیر صدارت پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کا اجلاس منعقد ہوا، پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی مینجنگ ڈائریکٹر ناہید گل بلوچ نے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ نے پی جی ایس ایچ ایف ممبرز کو زیر التواء الاٹمنٹ کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا اور کہا کہ گورٹمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ سکیم میں تعلیم اور صحت جیسی سہولتوں کی فراہمی کو بھی مدنظر رکھا جائے، ہاؤسنگ سکیم میں ملازمین پر ادائیگی کا بوجھ کم از کم رکھا جائے، ہاؤسنگ سوسائیٹز کو پوری طرح ڈویلپ کر کے ملازمین کو سہولت دی جائے۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ زیر التواء پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے بعد نئی ممبر شپ کی تجویز کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جی ایم سکندر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری ہاؤسنگ اور دیگر بھی موجود تھے۔