فیصل آباد: (ویب ڈیسک) ایل پی جی کم بھرنے پر جھگڑے کے دوران دکاندار نے رکشہ ڈرائیور پر پٹرول چھڑک کر آگ لگادی، کم عمر بیٹا خود رکشہ چلا کر باپ کو ہسپتال لایا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔
فیصل آباد کے علاقہ غلام محمد آباد میں مبینہ طور پر رکشے میں ایل پی جی کم بھرنے پر جھگڑے کے دوران دکاندار نے رکشہ ڈرائیور کو پٹرول چھڑک کر بیٹے کے سامنے آگ لگادی۔
جلتے ہوئے شخص کو بچانے اور مدد کیلئے کوئی نہ آیا تو کم عمر بیٹے نے خود رکشہ چلایا اور جھلسنے والے باپ کو الائیڈ ہسپتال پہنچایا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دم توڑ گیا۔
ڈرائیور کے بیٹے نے کہا کہ والد گیس بھروانے دکان پر گئے تھے، دکاندار نے زیادہ گیس ڈال دی جس پر جھگڑا ہوا بعد میں والد گیس کے پیسے دینے گئے تو دکاندار نے پٹرول سے بھری بوتل میں آگ لگا کر والد پر پھینک دی جس سے وہ جل گئے۔
مقتول رکشہ ڈرائیور کا باپ بھی انصاف کی دہائی دیتا رہا۔
ان کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے کے ساتھ بڑا ظلم ہوا، ہمیں انصاف چاہئے، ان بچوں کے سر سے باپ کا سایہ چھین لیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔