تازہ تر ین

ٹک ٹاک ویب سائٹس پر صارفین کی سرگرمیوں کو ٹریک کرسکتی ہے، تحقیق

لاہور: (ویب ڈیسک) اگر آپ ٹک ٹاک میں کسی لنک پر کلک کرکے کسی ویب سائٹ پر جاتے ہیں تو یہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ان ایپ براؤزر کے ذریعے صارفین کی مخصوص سرگرمیوں کو ٹریک کرسکتی ہے۔
یہ دعویٰ ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا۔
سافٹ وئیر ریسرچر فلیکس کاراسو کی اس تحقیق کے مطابق جب ٹک ٹاک صارفین ویڈیو شیئرنگ ایپ سے کسی لنک کے ذریعے ویب سائٹ پر جاتے ہیں تو ایپ ویب سائٹ میں ایک کوڈ داخل کردیتی ہے جس سے وہ صارفین کی مخصوص سرگرمیوں کو مانیٹر کرسکتی ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ اس طریقہ کار سے یہ ایپ صارف کے ذاتی ڈیٹا کو حاصل کرسکتی ہے اور ایسا اس لیے ہوتا ہے کیونکہ یہ ویب سائٹس کروم کی بجائے ٹک ٹاک کے ان ایپ براؤزر میں اوپن ہوتی ہیں۔
فلیکس کاراسو نے بتایا کہ یہ کمپنی کا اپنا انتخاب ہے اور ایسا کسی غلطی کی وجہ سے نہیں ہوا۔
دوسری جانب ٹک ٹاک کے ایک ترجمان نے تصدیق کی کہ ان ایپ براؤزر کوڈ میں یہ فیچرز موجود ہیں مگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم انہیں صارفین کو ٹریک کرنے کے لیے استعمال نہیں کرتی۔
ترجمان نے بتایا کہ دیگر پلیٹ فارمز کی طرح ہم بھی ان ایپ براؤزر کو صارفین کے بہترین تجربے کے لیے استعمال کرتے ہیں، مگر جس جاوا اسکرپٹ کوڈ کے بارے میں بات کی جارہی ہے وہ صرف ٹربل شوٹنگ اور پرفارمنس مانیٹرنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ٹک ٹاک کا کہنا تھا کہ یہ کوڈ تھرڈ پارٹی سافٹ وئیر ڈویلپمنٹ کٹ یا ایس ڈی کے کا حصہ ہے اور اس کے فیچرز کو کمپنی کی جانب سے استعمال نہیں کیا جاتا۔
اس سے قبل حال ہی میں ایک اور تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ فیس بک اور انسٹاگرام ایپس میں صارفین جب لنکس پر کلک کرکے ویب سائٹس پر جاتے ہیں تو کمپنی انہیں ٹریک کرتی ہے۔
ان دونوں ایپس میں اس مقصد کے لیے ‘ان ایپ براؤزر’ میں ویب پیجز کو اوپن کیا جاتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ انسٹاگرام ایپ اپنے ٹریکنگ کوڈ کو ہر اس سائٹ میں شامل کردیتی ہے جس پر صارف جاتا ہے جس سے وہ صارف کی تمام تر سرگرمیوں کو ٹریک کرنے کے قابل ہوجاتی ہے۔
میٹا نے بھی ٹریکنگ کوڈ کو استعمال کرنے کی تصدیق کی ہے مگر کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے صرف ڈیٹا جمع کرنے اور ٹارگٹڈ اشتہارات کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ ہم نے خود اس کوڈ کو تیار کیا تاکہ ہمارے پلیٹ فارمز پر صارفین کے انتخاب کا احترام کرسکیں، اس کوڈ سے ہمیں ٹارگٹڈ اشتہارات دکھانے سے قبل ڈیٹا اکٹھا کرنے میں مدد ملتی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ان ایپ براؤزر میں لوگ جو خریداری کرتے ہیں، ہم ان سے پیمنٹ انفارمیشن کو محفوظ کرنے کی اجازت حاصل کرتے ہیں اور ان کی اجازت کے بعد ہی ان تفصیلات کو محفوظ کیا جاتا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain