لاہور: (ویب ڈیسک) انسٹاگرام کی جانب سے صارفین کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش کی جارہی ہے۔
ایک بلاگ پوسٹ میں میٹا نے بتایا کہ اس کی جانب سے انسٹاگرام میں میں نئی سیٹنگز کی آزمائش کی جارہی ہے جس سے صارفین کو فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم میں دکھائے جانے والے مواد پر زیادہ کنٹرول مل سکے گا۔
اس سیٹنگز میں متعدد پوسٹس کو سلیکٹ کرکے ‘ناٹ انٹرسٹڈ’ بٹن پر کلک کیا جاسکے گا جس کے بعد انسٹاگرام کا الگورتھم سمجھ جائے گا کہ صارف اس طرح کے مواد کو دیکھنے کا خواہشمند نہیں۔
ابھی صارفین کسی ایک پوسٹ پر کلک کرکے اسے فلیگ کرسکتے ہیں مگر زیادہ بڑے پیمانے پر ایسا کرنا ممکن نہیں۔
انسٹاگرام کی جانب سے صارفین کے لیے ایک اور فیچر کی آزمائش بھی کی جارہی ہے جس کی مدد سے وہ ریکومینڈڈ پوسٹس سے ایسے کی ورڈز، جملوں، ایموجیز اور ہیش ٹیگز کی فہرست بناسکیں گے جن میں وہ دلچسپی نہیں رکھتے ہوں گے۔
ٹک ٹاک میں بھی اسی طرح کا ایک فیچر جون میں متعارف کرایا گیا تھا جس سے وہ الگورتھم کو آگاہ کرسکتے ہیں کہ وہ اپنی فیڈ پر کیا دیکھنا چاہتے ہیں۔
انسٹاگرام میں یہ نئے فیچرز اس وقت متعارف کرائے جارہے ہیں جب متعدد صارفین کی جانب سے ریکومینڈڈ مواد کی مقدار کے حوالے سے تنقید کی جارہی ہے۔