راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاک فضائیہ کےخیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں تیزی سے کام جاری ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیئے سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہیں، علاقے میں راشن کے پیکٹ گرانے کے لیئے ہیلی کاپٹر آپریشنز بھی جاری ہے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیموں نے 2272 مریضوں کا طبی معائنہ کیا۔
پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے ضرورتمند خاندانوں میں 3765 خشک راشن کے پیکٹ اور 13800 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ تقسیم کیئے، سیلاب سے متاثرہ مردوں، عورتوں اور بچوں کو مفت کپڑے بھی فراہم کیئے گئے ہیں، ائیر مارشل حامد راشد رندھاوا، ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف ایڈمنسٹریشن نے ضلع راجن پور میں پاک فضائیہ کے فلڈ ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف ایڈمنسٹریشن نے سیلاب متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہارکیا ہے، ائیر مارشل حامد رندھاوا نے پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کی بروقت اور انتھک امدادی کاروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب تک سیلاب سے متاثرہ تمام پریشان حال ہم وطنوں کی بحالی مکمل نہیں ہو جاتی، پاک فضائیہ امدادی کاروائیاں جاری رکھے گی۔