واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے چین کے ساتھ سیکیورٹی معاہدہ کرنے والے بحرالکاہل جزیرے کے 12 ممالک کا اجلاس واشنگٹن میں بلالیا۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر جو بائیڈن 28-29 ستمبر کو واشنگٹن میں ایک اجلاس کی میزبانی کریں گے جس میں پیسفک جزیرے کے ممالک کے سربراہان کو مدعو کیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ سربراہی اجلاس میں موسمیاتی تبدیلیوں، وبائی امراض، اقتصادی بحالی، بحری سلامتی، ماحولیاتی تحفظ سمیت بحرالکاہل کو تجارتی قافلوں کے لیے آزاد اور محفوظ بنانے جیسے اہم امور پر تعاون کو وسیع اور مضبوط کرنے کے لیے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر نے پیسیفک جزیرے کے ان ممالک کا اجلاس اس وقت بلایا ہے جب ان ممالک نے رواں برس اپریل میں چین کے ساتھ سیکیورٹی معاہد کیا ہے اور امریکا کو خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر شدید تشویش ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ جن ممالک کے سربراہان کو مدعو کیا گیا ہے کہ ان میں سولومن جزائر، مائیکرونیشیا، کریباتی، پاپوا نیو گنی، وانواتو، ساموا، ٹونگا، اور فجی کی وفاقی ریاستوں کے ساتھ ساتھ مارشل جزائر، ناورو، پلاؤ اور تووالو بھی شامل ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے ابھی یہ تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ مدعو کیے گئے ممالک میں سے کتنوں نے دعوت قبول کرکے اجلاس میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔ چین کی جانب سے تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔