بہاولپور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ، جب تک طاقتور ڈاکوؤں کو قانون کے نیچے نہیں لاتے تو ترقی کو بھول جائیں۔ ہم سب کو اکٹھے ہو کر ملک میں انصاف کا انقلاب لانا ہے، ملک میں قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔
وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کا مطلب انصاف ہے، بنانا ری پبلک میں انصاف نہیں ہوتا، ملک میں طاقت ور اور کمزورکے لیے ایک ہی قانون ہونا چاہیے۔ جب تک طاقتور ڈاکوؤں کو قانون کے نیچے نہیں لاتے تو ترقی کو بھول جائیں، دنیا میں امیر اور غریب ممالک میں فاصلے بڑھتے جا رہے ہیں، 26 سال سے ملک میں انصاف کی جنگ لڑ رہا ہوں، انصاف ہو گا تو ملک میں کرپشن ختم ہو گی۔ غریب ممالک سے پیسہ چوری کر کے لندن میں بڑے، بڑے محلات خریدے جاتے ہیں، پہلے آپ کو جہاد کو سمجھنا ہوگا ورنہ آپ لوگ خودکش حملہ کر دیں گے، بڑے ڈاکوؤں کو قانون کے نیچے لانا ہو گا، شہباز شریف،حمزہ شہبازبڑے ڈاکو کی 16 ارب کی چوری پکڑی گئی،آصف زرداری کے جعلی 100 ارب سے بھی زائد کے اکاؤنٹس پکڑے گئے،یہ پیسہ چوری کر کے منی لانڈرنگ کے ذریعے باہربھجواتے ہیں،اگر انصاف کا نظام بڑے ڈاکوؤں کو نہیں پکڑے گا تومعاشرہ تباہ ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے مل کرملک کوحقیقی طورپرآزادی دلانی ہے،مجھ پر اب تک 16 مقدمات درج ہو چکے ہیں، تحریک انصاف کے کارکنوں پر رات کو دوبجے چھاپے مارے گئے، ہمارے دور میں فضل الرحمان ڈیزل صاحب، کانپیں ٹانگنے والے نے لانگ مارچ کیا، میں نے کسی کو نہیں روکا تھا، مریم نواز کا لانگ مارچ بھی ہوا جو کسی راستے میں ہی گم ہو گیا تھا، تحریک انصاف کی حکومت میں کبھی مخالفین کے گھروں پر چھاپے نہیں مارے گئے تھے، 25 مئی کو خواتین، بچوں کو شیلنگ کا نشانہ بنایا گیا، ہمارا آئین ہمیں پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، بڑے ڈاکوؤں کو مسلط کیا گیا، پرامن احتجاج ہمارا حق ہے،صحافیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، نجی چینل کی نشریات کی بحالی پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے شکر گزار ہیں، حلیم عادل شیخ کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے، زرداری، شریف خاندان مافیا ہے ڈیموکریٹ نہیں، انصاف کی جنگ کے لیے مجھے وکلا برادری کی ضرورت ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان پر شوگرمافیاز، لینڈ مافیاز کا قبضہ ہے، ہم سب کو اکٹھے ہو کر ملک میں انصاف کا انقلاب لانا ہے، ہم ملک میں قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، اگرکسی نے کوئی جرم کیا ہے تواسے قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے، صحافیوں کے خلاف مقدمات،جیلیں،بیرون ملک جارہے ہیں یہ جمہوریت نہیں ہے۔ وکلا برادری جسے مرضی ووٹ دے مجھے فرق نہیں پڑتا،وکلا برادری قانون کی بالادستی کے لیے میرا ساتھ دے،انشااللہ انصاف کا انقلاب لیکرآنا ہے،جانوروں اورانسانوں کےمعاشرے میں اصل انصاف کا ہی فرق ہے،میں سرکس والے نہیں اصل شیروں کی بات کررہا ہوں۔