کراچی: (ویب ڈیسک) ایران اور افغانستان سے ٹماٹر اور پیاز کی آمد شروع ہوگئی ہے۔
گزشتہ دو روز کے دوران 120 ٹرالرز کراچی سبزی منڈی پہنچ چکے ہیں جن کی آمد سے سبزی منڈی میں ٹماٹر اور پیاز کی تھوک قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔
تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں ٹماٹر تاحال 200 جبکہ پیاز 120 سے 160 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے.
سابق وائس چیئرمین سبزی منڈی مارکیٹ کمیٹی آصف احمد کے مطابق کراچی سبزی منڈی میں پیاز کے 70 ٹرالر اور ٹماٹر کے 50 سے زائد ٹرالر پہنچ گئے، سبزی منڈی کی سطح پر پیاز اور ٹماٹر کی تھوک قیمت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، تھوک سطح پر پیاز 50 روپے کلو فروخت کی گئی، ٹماٹر تھوک سطح پر 100 سے 110 روپے کلو فروخت ہوا۔
انہوں نے سندھ حکومت اور شہری انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ درآمدی پیاز ٹماٹر کی سستے داموں فروخت یقینی بنائیں ۔
ادھر پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی وحید احمد کے مطابق ایران اور افغانستان سے آنے والے پیاز اور ٹماٹر کے ٹرالرز کو سرحدی کسٹم پوسٹس پر کلیئرنس میں تاخیر کا سامنا ہے ٹماٹر جلد تلف ہونے والا آئٹم ہے اور پیاز کا معیار بھی درجہ حرارت بڑھنے سے خراب ہوتا ہے اس لیے وفاقی حکومت اور کسٹم حکام سے اپیل ہے کہ سبزیوں ٹماٹر اور پیاز لے کر آنے والے ٹرالرز کی الگ قطار بنائی جائے اور ان کی ترجیحی طور پر کلیئرنس کی جائے۔
امپورٹرز کے مطابق اب تک 1150 ٹن سے زائد پیاز اور ٹماٹر کے درآمدی اجازت نامے جاری ہوچکے ہیں ، آنے والے دنوں میں ایرانی ٹماٹر اور پیاز سمیت براستہ افغانستان وسط ایشیائی ریاستوں سے آنے والی پیاز ٹماٹر سے مقامی مارکیٹ میں رسد بہتر اور قیمتوں میں مزید کمی واقع ہوگی۔