سیہون : (ویب ڈیسک) سیلابی پانی سے منچھر جھیل بپھرگئی، پانی کی سطح خطرناک حد تک جا پہنچی ہے ، بند ٹوٹنے کے خدشے کے باعث انتظامیہ ہائی الرٹ ہے، خطرے کے پیش نظر عوام سے قریبی آبادیاں خالی کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیلاب کے باعث منچھر جیل مکمل طور پر بھر گئی ہے، منچھر جھیل کے اطراف میں کئی دیہات زیر آب آگئے جبکہ 50 سے زائد مکان زمین بوس ہو چکے ہیں، جھیل پر پاک آرمی اور رینجرز کے جوان تعینات کردئیے گئے، محکمہ آبپاشی کا عملہ بھی متحرک ہے۔
ڈپٹی کمشنر جامشورو کا کہنا ہے کہ سیہون شریف کے مقام پر منچھر جھیل میں پانی کی سطح بلند ہے، 2 مقامات پر جھیل کے بندوں پر شدید دباؤ بڑھ گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بند کسی بھی وقت ٹوٹنے کا خدشہ ہے، عوام سے علاقہ خالی کرنے کی اپیل کی گئی ہے، واہڑ، جعفرآباد، بوبک، آراضی، اور چنہ کی یونین کونسلز کو خالی کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق انتظامیہ کی کوشش ہے کہ منچھر جھیل اور نواحی آبادیوں کو کسی بھی طرح بچایا جا سکے، منچھر جھیل کے لئے اگلے 24 سے 48 گھنٹے اہم ہیں۔
واضح رہے کہ ایم این وی ڈرین اور جوہی کا سیلابی پانی منچھر جھیل میں داخل ہونے سے جھیل میں پانی کا دباو بڑھ گیا تھا۔