بُرکینا فاسو: (ویب ڈیسک) مغربی افریقی ملک بُرکینا فاسو میں اسکول بس اور تاجروں کے قافلے پر بارودی سرنگ دھماکے میں طلبا سمیت 35 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی افریقی ملک بُرکینا فاسو میں اُس وقت بارودی سرنگ دھماکا ہوگیا جب وہاں سے فوجی حفاظت میں ایک اسکول کی بس اور تاجروں کا قافلہ گزر رہا تھا۔
دھماکے میں 35 افراد ہلاک ہوگئے جن میں وہ طلبا بھی شامل ہیں جو تعلیمی سال مکمل ہونے پر گھر کو واپس آرہے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر مقامی تاجر شامل ہیں جو اشیاء کی خرید و فورخت کے لیے ایک شہر سے دوسرے شہر جارہے تھے۔
بارودی سرنگ دھماکے میں قافلے میں شامل ٹرکوں اور بسوں کو بھی نقصان پہنچا البتہ قافلے کی حفاظت کے لیے ساتھ چلنے والے فوجی اہلکار حملے میں محفوظ رہے۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم بُرکینا فاسو کی سرحد نائیجر اور مالی سے ملتی ہیں اور شدت پسند ان سرحدوں کو عبور کرکے ایسی کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ جنگ زدہ برکینا فاسو میں اگست کے آغاز میں یکے بعد دیگرے ہونے والے بارودی سرنگ دھماکے میں 15 فوجی مارے گئے تھے اور اسی طرح جون میں ہونے والے ایک حملے میں 86 شہری جان سے گئے تھے۔