آرمینیا : (ویب ڈیسک) آرمینیا اور آزربائیجان کے درمیان جنگ چھڑنے کے بعد آرمینیا نے عالمی ممالک سے مدد کی اپیل کردی۔
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق آرمینیا اور آزربائیجان کے درمیان سرحدی علاقوں میں شدید جھڑپیں ہوئیں۔
ان جھڑپوں میں دونوں جانب سے بھاری جانی نقصان ہوا اور کئی فوجیوں کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں ۔
منگل کی صبح آرمینین وزارت دفاع کی جانب سے بتایا گیا کہ آزربائیجان کی سیکورٹی فورسز نے مارٹر گولے، چھوٹے ہتھیاروں اور ڈرونز سے عسکری اور سول تنصیبات کو نشانہ بنایا۔یہ بھی بتایا گیا کہ آزربائیجان کی فوج آرمینیا کی حدود میں داخل ہورہی ہے۔
آرمینیا کے وزیراعظم نکول پشین یان نے عالمی رہنماؤں کو ٹیلی فون کرکے صورتحال سے آگاہ کیا اور آزربائیجان کی جانب سے جارحانہ اقدامات پر فوری ایکشن لینے کی اپیل کی۔
آزربائیجان کی جانب سے وزارت دفاع نے کہا ہے کہ آرمینیا کی فوج نے داغستان،کلبجار اور لاچن میں بڑے پیمانے پر پرتشدد کارروائیاں کیں اور آزربائیجان کی فوج کو بھی فائرنگ سے نشانہ بنایا گیا جب کہ مارٹر گولے بھی پھینکے گئے۔
امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ آزربائیجان اور آرمینیا کے درمیان کشیدگی پر گہری تشویش ہے۔
