لاہور: ( ویب ڈیسک) ملک بھر میں بارشوں اورسیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد ایک ہزار 596 ہو گئی،بلوچستان میں مزید 6 افراد چل بسے۔ این ڈی ایم اے کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بارشوں اورسیلاب سے 12ہزار 863افراد زخمی ہوئے، 20لاکھ 65ہزارسے زائد مکانات کو نقصان پہنچا۔ ملک بھر میں سیلاب کے دوران 10لاکھ 40ہزار 735مویشی بہہ گئے ،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت متاثرین میں 30ارب 4کروڑ روپے تقسیم کیے گئےہیں۔ ادھر پی ڈی ایم اے کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بارشوں اورسیلاب سے مزید 6افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جس سے صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 310ہوگئی ہے۔ بلوچستان میں سیلاب سے 5لاکھ سے زائد مویشی ہلاک ہوئے، ایک لاکھ 85ہزار گھر متاثر اور 65ہزار گھر تباہ ہوئے۔ بلوچستان میں سیلاب سے ایک لاکھ 20ہزار گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، بلوچستان میں 103ڈیمزبھی متاثر ہوئے ہیں۔