تازہ تر ین

آئین میں واضح ملک میں کوئی بھی قانون قرآن و سنت کیخلاف نہیں بن سکتا: طاہر اشرفی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ آئین میں واضح ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی قانون قرآن و سنت کے خلاف نہیں بن سکتا، سیاست کے لئے مذہب کا استعمال جرم ہے، سیلاب زدگان کی امداد پر دوست ممالک کے مشکور ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طاہر اشرفی نے کہا کہ پوری امت مسلمہ، وطن عزیز پاکستان میں رہنے والے پاکستانیوں کو ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے ایک واضح پیغام ہے کہ رسول اکرمﷺ رحمت اللعالمین ہیں اور ان کا پیغام امن، محبت، رواداری اور مظلوموں، ضعفاء کا خیال رکھنا ہے، پوری قوم اور پوری امت سے گزارش کرتا ہوں کہ ان ایام میں جہاں ہم نے سیرت مصطفیٰﷺ ۖ کا پیغام پہنچانا ہے وہاں اس پر عملدرآمد بھی کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ۖ نے فرمایا کہ مسلمان آپس میں بھائی ہیں اور اسی طرح فرمایا گیا کہ مسلمان ایک جسم کی طرح ہیں، جسم کے کسی بھی حصے میں تکلیف ہو تو پورے جسم میں تکلیف ہوتی ہے۔ اس وقت پاکستان میں ستر فیصد سیلاب زدگان بھائی اور بہنیں مصائب و مسائل کا شکار ہیں، ان کی مدد کے لئے آگے بڑھیں۔
طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ سیلاب کے حوالے سے متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، یورپی ممالک، برطانیہ، امریکہ، اومان، قطر، کویت، ترکی سے امداد کا سلسلہ جاری ہے، حکومت پاکستان اور عوام کی طرف سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے تحت ماہ ربیع الاول میں خطبات جمعہ میں رحمت اللعالمین ۖ کے حوالے سے موضوعات ہوں گے جن میں انسانیت کی بھلائی، اسلام میں خواتین اور اقلیتوں کے حقوق شامل ہیں۔ رسول اللہ ﷺکا فرمان ہے مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرا انسان محفوظ رہے، لندن میں وزیر اطلاعات کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آئین میں واضح ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی قانون قرآن و سنت کے خلاف نہیں بن سکتا، جے یو آئی ٹرانس جینڈر ایکٹ کے حوالے سے ایک جامع بل لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت وحدت اور استحکام کی ضرورت ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ حزب اختلاف کے لیڈران میں سے کون کتنی مرتبہ سندھ اور بلوچستان کے لوگوں کے پاس گیا ہے، وہ پاکستان کا حصہ ہیں انہیں اپنے بھائی بہن سمجھیں، ایک طرف ان کا سب کچھ چلا گیا ہے، دوسری طرف آپ ان کے ساتھ چار بول بولنے کو تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے برادر اسلامی ممالک کے مشکور ہیں جنہوں نے اس مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ مستقبل میں پاکستان میں بہت بہتریاں آئیں گی، رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل بھی پاکستان آ رہے ہیں، نومبر میں پاکستان میں بہت سی اہم اور بڑی شخصیات آئیں گی۔ ہمیں صرف ملک کے اندر استحکام اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے، پاکستان آئین، قانون اور دستور کے تحت چلتا ہے، اور انشاء اللہ اسی آئین اور دستور قانون کے چلتا رہے گا۔
طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ٹرانس جینڈر ایکٹ کے حوالے سے وفاقی وزیر قانون نے کہا ہے کہ وہ کمیٹی بنائیں گے، اس کمیٹی میں ہم یہ گزارش کریں گے اسلامی نظریاتی کونسل اور ملک کی دیگر شخصیات، علماء و مشائخ کو بھی اس میں شامل کیا جائے اور اس قانون میں موجود سقم کو دور کرنے کے لئے توجہ مبذول کرانے پر جمعیت علمائے اسلام اور سینیٹر مشتاق احمد کا مشکور ہوں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain