کراچی: (ویب ڈیسک) صدر میں چینی ڈینٹل کلینک پر حملے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
صدر میں 28 ستمبر کو چینی ڈینٹل کلینک پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ملزموں نے کلینک میں گھس کر ایک شخص کو قتل اور خاتون سمیت دو ڈاکٹروں کو زخمی کیا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا جس کی نشاندہی کے بعد سے چھاپوں کا سلسلہ جاری تھا آج واقعے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق حملے میں ملزم کا مرکزی کردار تھا اسی نے ڈینٹل کلینک میں گھس کر فائرنگ کی تھی۔
اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے بتایا کہ سی ٹی ڈی، خفیہ اداروں نے دہشت گرد کو گرفتار کیا، شرجیل میمن گرفتار دہشت گرد کا نام وقار خشک ہے جسے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پکڑا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد وقار خشک کے قبضے سے اسلحہ اور واردات میں استعمال شدہ موٹر سائیکل برآمد کی گئی، ملزم نے اعتراف بھی کیا ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے، اس کیس میں سندھ پولیس تعریف کے قابل ہے۔
