کراچی: (ویب ڈیسک) حوالہ اور ہنڈی آپریٹرز کی سرگرمیوں سے بلیک مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ اور برآمدات میں تسلسل سے کمی کے باعث منگل کو بھی ذرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی پرواز جاری رہی۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے یعنی منگل کے روز ڈالر کے انٹربینک ریٹ 219روپے اور اوپن ریٹ 226روپے سے تجاوز کرگیے۔
آئی ایم ایف سے قرض پروگرام میں ریلیف نہ ملنے اور زرمبادلہ کے ذخائر تشویشناک سطح پر آنے جیسے عوامل روپیہ کی قدر پر اثر انداز رہے یہی وجہ ہے کہ کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر کی آج بھی اڑان جاری رہی۔
انٹربینک مارکیٹ میں ایک موقع پر ڈالر کی قدر 1.10 روپے کے اضافے سے 219.99روپے کی سطح پر بھی پہنچ گئی تھی تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 82پیسے کے اضافے سے 219.71روپے کی سطح پر بند ہوئی۔
اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 50پیسے کے اضافے سے 226.20روپے کی سطح پر بند ہوئی۔
