اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وزارت داخلہ نے صوبائی حکومتوں کو پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے خط کھ دیا جس میں عدم استحکام کا خدشہ ظاہر کر دیا۔
خط میں لکھا ہے کہ کسی کو زبردستی طاقت کے ذریعے وفاق پر چڑھائی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ وفاق اور صوبائی حکومتوں کو آئین کے تحت اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔ آئین کے آرٹیکل 148 ون کے تحت ہر صوبہ وفاقی قوانین پر عملدرآمد کا پابند ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری ملازمین ریاستی قوانین کے تابع ہیں، سرکاری ملازمین آئین کے تحت فرائض سرانجام دینے کے پابند ہیں۔ کسی حکومتی ملازم کو لانگ مارچ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی قیمت پر ریاستی آئین اور قوانین سے انحراف کی اجازت نہیں ہو گی۔ صوبائی حکومتیں سرکاری ملازمین کے لانگ مارچ میں شرکت نہ کرنے کو یقینی بنائیں۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے آج لاہور سے لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔






































