گوجرانوالہ: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا حقیقی آزادی مارچ گوجرانوالہ سے گزر رہا ہے اور ہم ایک انقلاب کی جانب گامزن ہیں، چوروں کے ٹولے کو گھر بھیج کر عوامی حکومت لائیں گے۔
گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے کہا کہ ہم نے قانون وآئینی جنگ لڑنی ہے، ہمارا مقابلہ مجرموں سے ہے، چیف جسٹس صاحب اگرآپ اورعدلیہ لوگوں کے لیے کھڑے نہیں ہونگے توکون کھڑا ہوگا؟ کس بنیاد پرہمارے لانگ مارچ کی کوریج بند کی گئی ہے، ہم پاکستانی ہے کس چیزکا خوف ہے؟ یہ قوم جاگ چکی ہے، کوئی بھی اس شعورکوبوتل میں بند کرنے کی کوشش کرے گا وہ اس سمندرمیں بہہ جائے گا، انسانوں کا سمندراسلام آباد کی طرف آرہا ہے، ہم ملک میں حقیقی آزادی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ رانا ثنا جیسے قاتلوں سے ہے، شریف،زرداری مافیازکے سامنے قوم نہیں جھکے گی، جوبھی ان کے ساتھ کھڑا ہوا گا وہ ذلیل اورتباہ ہوگا، ہم دنیا کے سب سے عظیم لیڈرکی امت ہے کوئی بھیڑ،بکریاں نہیں، وہ دن چلے گئے، عوام ملک میں قانون اورانصاف کی بالادستی چاہتے ہیں، ڈنڈے مار کر اِدھر اور اُدھر کرنے والے دن چلے گئے۔ جس ملک میں ظلم کا نظام ہو وہاں خوشحالی نہیں آ سکتی، امپورٹڈ حکومت نے مہنگائی کے 50 سالہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، چھوٹا چور جیل، اربوں ڈالر ملک کے لوٹنے والے بیرون ملک لے گئے، نوازشریف نے لندن کے مہنگے علاقے میں چار فلیٹس تسلیم کیے، ہمارا انصاف کا نظام بڑے چوروں کو نہیں پکڑ سکتا، انہوں نے قانون ایسا بنادیا ہے بڑے چوروں کو نہیں پکڑسکتا۔
اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عمران خان نے لکھا کہ ہمارا حقیقی آزادی مارچ گوجرانوالہ سے گزر رہا ہے اور ہم ایک انقلاب کی جانب گامزن ہیں۔ عوام کی شرکت سے شرکا کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، قوم حقیقی آزادی کی ہماری پکار کی حمایت کا ایک واضح پیغام دے رہی ہے۔