اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے مختلف کارروائیوں کے دوران منشیات کی بھاری مقدار قبضے میں لے لی۔
انسداد منشیات فورس نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر دو مختلف کارروائیوں کے دوران سرگودھا کے رہائشی ملزم کے پیٹ سے 80 جب کہ سوات کی رہائشی خاتون کے پیٹ سے 50 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے۔
ترجمان اے این ایف کا کہنا تھا کہ ملزمان فلائٹ نمبر SV 727 سے سعودیہ جا رہے تھے، دوسری کارروائی میں چکوال کے رہائشی ملزم کے ٹرالی بیگ سے 1 کلو 156 گرام ہیروئن برآمد کی گئی، ملزم فلائٹ نمبر PK 187 سے بحرین جا رہا تھا۔
ترجمان کے مطابق باچاخان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پشاور پر اسلام آباد کے رہائشی ملزم کے پیٹ سے 139 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے، ملزم فلائٹ نمبر GF 785 سے بحرین جا رہا تھا۔
دوسری جانب رنگ روڈ پشاور کے قریب افغان باشندے سے 37 کلو 200 گرام چرس تحویل میں لی گئی، برآمد شدہ چرس فریزر میں چھپا کر پنجاب اسمگل کی جا رہی تھی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مُقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔