ایبوہ: (ویب ڈیسک) سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان نے ایشین چیمپئن جاپان کو 3-5 سے شکست دے کر 11 سال بعد ایونٹ میں وکٹری اسٹینڈ پر جگہ بنالی۔
ملائیشیا کے شہر ایبوہ میں کھیلے جانے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں تیسری و چوتھی پوزیشن کا میچ پاکستان اور جاپان کے مابین کھیلا گیا۔
میچ میں پاکستان نے جاپان کو سنسنی خیز مقابلے میں تین کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرادیا۔
پاکستان کی جانب سے 11ویں منٹ میں حنان شاہد نے فیلڈ گول، 18ویں منٹ میں افراز احمد نے پینلٹی کارنرکے ذریعے،27 ویں اور 31 ویں منٹ میں رومان نے 2 فیلڈگول کیے جب کہ 53 ویں منٹ میں رانا عبدالوحید نے فیلڈ گول اسکور کیا۔
جاپان کی جانب سے 10ویں منٹ میں کینٹارو نے جب کہ 31ویں اور 50 ویں منٹ میں یوما نے 2گول اسکور کیے۔
ایونٹ میں 11 سال بعد پاکستان تیسری پوزیشن حاصل کرکے برونز میڈل جیتنے میں کامیاب ہوگیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ایونٹ کا فائنل آسٹریلیا کے مدمقابل 2011 میں کھیلا تھا۔
یاد رہےکہ پاکستان ہاکی ٹیم میں 9 باصلاحیت اور نوجوان کھلاڑیوں نے اس ایونٹ سے اپنے انٹرنیشنل کیریئرکا آغاز کیا اور ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی۔
11 سال بعد وکٹری اسٹینڈ پر پہنچنے والی پاکستان ہاکی ٹیم نے اسٹیڈیم سے واپسی پر بس میں جشن بھی منایا اور ناگن ناگن گانے پر رقص کیا۔
مذکورہ ایونٹ میں 6 ٹیموں نے شرکت کی جن میں میزبان ٹیم ملائیشیا، پاکستان، جاپان ، کوریا، ساؤتھ افریقا اور مصر شامل ہیں۔
سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کا فائنل کل میز بان ٹیم ملائیشیا اور کوریا کے مابین کھیلا جائےگا۔