لاہور: (ویب ڈیسک) ٹی 20 کی دنیا کا نیا حکمران کون؟ فیصلہ آج ہو گا، پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں ٹائٹل اپنے نام کرنے کیلئے مد مقابل ہوں گی، فائنل میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن ایک بجے شروع ہوگا، پاکستان تاریخ دہرانے اور انگلینڈ بازی پلٹنے کیلئے پرعزم ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیراہتمام آسٹریلیا میں جاری آٹھواں آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ اپنے اختتامی مراحلے میں داخل ہے ، میگا ایونٹ میں شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ میگا ایونٹ کے چیمپئن کا فیصلہ 13 نومبر کو میلبورن میں ہوگا۔ میلبورن میں اس روز بارش کا بھی امکان ہے۔
اس سے قبل مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا جبکہ میگا ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں انگلش ٹیم نے بھارت کو 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل ایک ایک مرتبہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی چیمپئن رہ چکی ہیں۔
