لاہور: (ویب ڈیسک) افغانستان نے بھارت میں ہونے والے 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے بھارت سمیت 7 ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کریں گی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا کہ افغانستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل کو موخر کرنے کے بعد اگلے سال ہونے والے 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے لیے براہ راست اہلیت حاصل کر لی ہے۔
افغانستان اور میزبان سری لنکا میچ کی منسوخی کے بعد اتوار کو پالے کیلے میں پانچ پانچ سپر لیگ پوائنٹس حاصل کر لئے ہیں جبکہ آئی سی سی رینکنگ میں افغانستان کی ٹیم ٹیبل میں ساتویں نمبر پر موجود ہے۔
دو بار کی چیمپئن ویسٹ انڈیز، آئرلینڈ، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے لیے ون ڈے ورلڈ کپ میں شمولیت کوالیفائی راؤنڈ میں کامیابی سے مشروط ہے۔
سری لنکا ون ڈے ورلڈ کپ میں اپنی جگہ بنانے کے لیے افغانستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز برابر کرنے کے لیے آخری ون ڈے میں جیت کی امید لگائے گا۔
میزبانوں کے ساتھ ساتھ اب تک کی دفاعی چیمپئن انگلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور پاکستان نے بھی اگلے سال ہونے والے ٹورنامنٹ میں براہ راست انٹری حاصل کر لی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے فائنل سپر لیگ سٹینڈنگ کے لیے کٹ آف تاریخ 31 مئی 2023 ہے۔
باقی ممالک کو آخری دو مقامات کے لیے پانچ ایسوسی ایٹ ٹیموں کے ساتھ کوالیفائنگ میچز کھیلنا ہوں گے۔
