لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے اسموگ کو آفت قرار دیتے ہوئےلاہور اور دیگر شہروں میں ماحولیاتی ایمرجنسی نافذ کردی۔
مسلسل کئی روز سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سب سے اوپر ہے، شہریوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہوگیا ہے، اسپتالوں میں مریضوں کی لائن لگ گئی ہے ،گلے میں خراش اور آنکھوں میں جلن کی شکایات سمیت سانس لینے میں دشواری، نزلہ، زکام، کھانسی اور سانس کے امراض بڑھ گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اسموگ میں کمی کے لیے وضع کردہ پلان پر مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنانےکا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہےکہ محکمہ تحفظ ماحول، ٹرانسپورٹ، انڈسٹریز اور انتظامیہ کے افسران خود فیلڈ میں جائیں، اینٹوں کے تمام بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی یقینی بنائی جائے، اسموگ میں کمی کے لیے جاری ایس او پیز پر عمل درآمد میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائےگی۔
پرویز الہٰی کا کہنا ہےکہ فصلوں کی باقیات تلف کرنےکے لیے جدید ہارویسٹر”ہیپر سیڈ“ فراہم کیے جائیں گے، فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب آلودہ شہروں کی فہرست میں کراچی بھی سرفہرست شہروں میں شامل ہے۔
ماہرین کے مطابق شہر میں دمہ، سانس کی بیماریاں اور الرجی کے کیس بڑھ رہے ہیں، کھانسی، نزلہ، زکام اور وائرل انفیکشن شہریوں کو زیادہ متاثر کر رہا ہے۔