بیونس آئرس : (ویب ڈیسک) ارجنٹائن کی نائب صدر کرسٹینا فرنانڈیز کو کرپشن کیس میں تاحیات نا اہل قرار دے دیا گیا۔
ارجنٹائن کی نائب صدر کرسٹینا فرنانڈیز کو کرپشن اور دھوکہ دہی کے الزامات میں قصوروار پایا گیا جس کے بعد منگل کو وفاقی عدالت نے انہیں 6 سال قید کی سزا سناتے ہوئے تاحیات عوامی عہدہ رکھنے کیلئے نا اہل قرار دے دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرنانڈیز کو نائب صدر اور سینیٹ کے سربراہ کی حیثیت سے استثنیٰ کے پیش نظر فوری طور پر جیل کی سزا کا سامنا نہیں کرنا پڑا گا، نائب صدر اعلیٰ عدالتوں میں سزا کے خلاف اپیل کا حق بھی رکھتی ہیں۔
دوسری جانب فرنانڈیز نے اپنے ایک بیان میں عدالتی فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ انکے سیاسی مخالفین کی جانب سے ان پر کرپشن اور دھوکہ دہی کے جھوٹے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ طاقتور نائب صدر کے خلاف عدالتی فیصلہ صدارتی انتخابات سے 11 ماہ سے بھی کم وقت پہلے آیا ہے، اور انہوں نے انتخابات میں حصہ لینے کا اشارہ بھی دیا تھا۔