جدہ : (ویب ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار رنبیرکپور نے پاکستانی فلم ”دی لیجنڈز آف مولا جٹ ” کی شاندار کامیابی پر پاکستان سینما انڈسٹری کو مبارکباد پیش کردی۔
بالی ووڈ سپر سٹار رنبیر کپور کئی ماہ سے عوام کی نظروں سے اوجھل تھے اور وہ بیٹی کی پیدائش کے بعد پہلی بار اس وقت سامنے آئے جب انہوں نے جدہ میں جاری ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کی۔
ریڈ سی فلم فیسٹیول کی تقریب کے بعد اداکار رنبیر کپور نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سینما انڈسٹری میں تاریخ رقم کرنے والی فلم دی لیجنڈز آف مولا جٹ کی تعریف کی اور فلم کی مقبولیت پرفلم کی ٹیم کے ساتھ پاکستان سینما کو مبارکباد پیش کی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر رنبیر کپور کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں ایک صحافی اداکار سے پوچھتا ہے کہ کیا آپ پاکستانی اداکاروں اور فلم سازوں کے ساتھ کام کریں گے؟، پاکستانی فنکاروں پر 2016 سے بھارت میں کام کرنے پر پابندی ہے ۔
رنبیر کپور نے صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ آرٹ کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور میں یقینی طور پر پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کروں گا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ درحقیقت، میں پاکستانی سنیما کو مولا جٹ کی زبردست کامیابی پر مبارکباد دینا چاہوں گا، میں معروف گلوکار عاطف اسلم کی آواز کا بھی مداح ہوں اور جب وہ گاتے ہیں تو یہ کسی ہیرو کے گانے کی طرح ہوتا ہے۔