لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چور اقتدار پر قابض ہیں، عام انتخابات ہی تمام مسائل کا واحد حل ہیں، کارکن الیکشن کی تیاری کریں، مافیاز کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک تباہ اس وقت ہوتا ہے جب طاقتور اربوں روپے کی چوری کرتا ہے اور ملک کا پیسہ بیرون ملک بھجوا دیتے ہیں جس سے ملک کمزور ہوجاتا ہے، وائٹ کالر کرائم پکڑنا پہلے ہی مشکل تھا، نیب قوانین میں ترمیم سے اب ناممکن ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہی چور دوبارہ حکومت میں آکر بیٹھ گئے ہیں اور خود کو چوری کا لائسنس دے دیا، جب تک ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی ملک ترقی نہیں کرسکتا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ملک تب ترقی کرے گا جب قانونی کی حکمرانی ہوگی، بڑی کرپشن نہیں پکڑیں گے تب تک ملک خوشحال نہیں ہو سکتا۔