تہران : (ویب ڈیسک) ایرانی جوہری توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ جوہری توانائی کے نگران ادارے (آئی اے ای اے) کے حکام کے دورہ ایران سے متنازع مسائل کو حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سربراہ ایرانی جوہری تنظیم محمد اسلامی نے بتایا کہ آئی اے ای اے کے حکام آیندہ دنوں میں ایران کا دورہ کریں گے۔
محمد اسلامی کا کہنا تھا کہ آئی اے ای اے حکام کے دورہ کے دوران ملک میں موجود غیرعلانیہ مقامات پر پائے جانے والے یورینیم کے ذرّات پر تعطل کو ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ بین الاقوامی ادارے کے حکام کے تہران کے دورے سے متنازع مسائل کو حل کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
یاد رہے کہ امریکا کے سابق صدرڈونلڈ ٹرمپ 2018 میں 2015ء میں طے شدہ جوہری معاہدے سے دستبردار ہوگئے تھے اور انھوں نے ایران پرپابندیاں عائد کردی تھیں۔