شیخوپورہ: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملکی معیشت، گورننس کو تباہ اور نوجوان نسل کو گمراہ کیا، پاکستان کو دہشتگردی کی نذر کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، ہم الیکشن سے بھاگنے والے نہیں۔
شیخوپورہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں ن لیگ کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا کہ عمران نیازی کو 2018ء میں مسلط کیا گیا، عمران نیازی آج مکافات عمل کا شکار ہے، ایک تقرری کے لئے ملک کو ہیجانی صورتحال میں رکھا گیا، ملک کے ساتھ کیے کھلواڑ کا حساب دینا ہوگا، عمران خان نے 90 جلسے کیے ہر جلسہ پر 15 کروڑ خرچہ آیا، اتنی بڑی رقم کہاں سے آئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملکی معیشت، گورننس اور نوجوان نسل کو گمراہ کیا، نوازشریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، یہ نوازشریف پر کرپشن ثابت کرنے میں ناکام رہے، یہ کہتا ہے الیکشن کراؤ، الیکشن کراؤ، اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر بتاؤ کہ ہم کوئی الیکشن سے دوڑنے والے لوگ ہیں، عمران خان کے زیر التواء کیسوں کا فیصلہ ہو جانا چاہیے، عمران خان اسمبلیاں اس لیے توڑے گا کہ جیل میں بھی پروٹوکول لینا ہے۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ اے پی ایس سانحے کے وقت دہشتگردی عروج پر تھی، آج ایک بار پھر پاکستان کو دہشتگردی کی نذر کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، ایک شخص نے پاکستان کو معاشی طور پر 4 سال میں تباہ کر دیا، یہ کہتے ہیں کہ پاکستان سری لنکا بن رہا ہے، کچھ لوگ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مٹی پاؤ پالیسی پر عمل نہیں ہوگا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ الیکشن ضرور کرائیں گے لیکن عمران خان کے کرتوت قوم کے سامنے لانے کے بعد، عمران خان کو جانتا ہوں باتیں کرے گا اسمبلیاں نہیں توڑے گا، دونوں صوبے اس کا خرچہ چلا رہے ہیں، ایک ماہ میں عمران خان کے تمام سکینڈلز منظرعام پر لائیں گے، عمران خان کو ایک ماہ کے اندر کٹہرے میں لائیں گے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں خون ریزی اور فساد کروا کے نیوکلئیر پروگرام کو مشکل میں ڈالنا چاہتا ہیں پاکستان کو اربوں کا ٹیکہ لگانے والے کو سزا نہ ملی تو آگے نہیں بڑھ سکتے، نواز شریف جنوری میں پاکستان آ رہے ہیں، اگر عمران خان باز نا آیا تو ایسا اعلان کروں گا کہ اسے منہ چھپانے کو جگہ نہیں ملے گی۔
