نارووال: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ 4 سال جھوٹے مقدمے بنائے اور سرکاری تحفے چرائے، اب عمران خان کا فتنہ دم توڑ چکا ہے، اگر وہ اسمبلیاں توڑے گا تو اسے لگ پتہ جائے گا۔
کرسمس تقریب میں کیک کاٹنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ نارووال کے لوگوں کی محبت اور اللہ کے فضل سے اعتماد کرتے ہوئے میں عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں کہ تم خود آؤ، تمہاری نارووال سے ضمانت ضبط کرا کر بھیجیں گے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کروڑوں، اربوں روپے کے تحفے جو تم چرا کر لے گئے تھے، جو پاکستان کو ملے تھے یہ قوم تم سے حساب لے گی، تم جو دیانت دار بنے پھرتے تھے آج تمھارے چہرے سے دیانت داری کا میک اپ اتر چکا ہے، انشاء اللہ عمران کا فتنہ اپنی موت مر چکا ہے چونکہ اس فتنے کی بنیاد جھوٹ، بہتان اور نفرت کے اوپر تھی۔
احسن اقبال نے کہا کہ یہ پنجاب، خیبر پختونخواہ کی اسمبلیاں توڑے گا تو لگ پتا جائے گا کیونکہ یہاں نگران حکومت ہو گی تمہاری حکومت نہیں ہوگی، کشمیر میں تمہاری حکومت تھی 30 فیصد سیٹیں ملیں، یہاں 10 فیصد بھی نہیں ملیں گی۔
مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ تم نے 4 سال جھوٹے مقدمے بنائے یا قیمتی تحفے چرائے، اب پتہ چلتا ہے بنی گالہ میں کیا کھیل ہوتا ، بنی گالہ میں جو چیز اندر آنی ہے اس کی تصویر نہیں بنانی ہے، اگر جائز مال تھا تو اس کا کیا چھپانا تھا۔
احسن اقبال نے کہا کہ اللہ تعالی نے جھوٹے مقدمات میں سب کو سرخرو کیا، مجھے یقین ہے نواز شریف بھی سرخرو ہوں گے، آج وہ شخص پنجاب میں عمران خان کا وزیر اعلیٰ ہے جس کو وہ خود پاکستان کا سب سے بڑا ڈاکو کہتا تھا۔