کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گزشتہ روز پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ملزم عامر حسین کا کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا۔
عامر نثار حسین تین سال قبل ڈالمیا میں ڈکیتی اور اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں گرفتار ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عامر نثار نے 23 نومبر 2018 کو ڈالمیا کی گلی نمبر5 میں دکان پر واردات کی، عامر حسین کو شہزاد کی دکان پر ڈکیتی کے بعد فرار ہونے کی کوشش میں رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرفتار ملزم عامر نثار کے خلاف عزیز بھٹی تھانے میں ایف آئی آر نمبر 475/2018 درج کی گئی، عامر نثار کے خلاف دوسرا مقدمہ نمبر 476/2018 غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونے پر درج کیا گیا۔
عامر نثار حسین کا سی آر او سے بھی کرمنل ریکارڈ مل گیا ہے، مقدمات میں ملزم ضمانت پر رہا ہوا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز تین پولیس اہلکاروں نے اشارے پر نہ رکنے کے بعد تعاقب کرکے عامر کو فلیٹ کے اندر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔ اس معاملے میں تینوں اہلکاروں کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی گئی تھیں۔
