الیکشن کمیشن اور وزارت قانون 4 ماہ میں بلدیاتی انتخابات کروانے پر رضا مند

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ وزارت قانون اور ہم 4 ماہ میں بلدیاتی الیکشن کرانے کے لئے تیار ہیں، لیکن وزارت داخلہ نے اس حوالے سے مشاورت کرنے کے لئے وقت مانگا ہے۔
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کب ہوں گے، تاحال کوئی حتمی تاریخ طے نہیں ہوسکی، اسلام آباد ہائیکورٹ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کیخلاف درخواستوں پر سماعت آج ہو گی اور الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر سے متعلق کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں تحریری جواب جمع کرادیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اور وزارت قانون چار ماہ میں الیکشن کرانے پر تیار ہیں تاہم وزارت داخلہ آج مشاورت کے بعد جواب دے گی۔
الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں بتایا کہ عدالتی حکم پر الیکشن کمیشن حکام اٹارنی جنرل کے پاس گئے، اٹارنی جنرل نے وزیر قانون سے رابطہ کیا، تو وزیرقانون نے ابتدائی طور پر چھ ماہ میں الیکشن کا کہا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق وزیر قانون سے 120 دنوں میں انتخابات کرانے پر اصرار کیا تو بعد میں وزیر قانون نے 4 ماہ بعد الیکشن کرانے پر رضامندی ظاہر کی۔
اٹارنی جنرل نے وزارت داخلہ حکام سے بھی رابطہ کیا تو وزیرداخلہ کی جانب سے حکام نے جواب سے آگاہ کیا کہ وزیر داخلہ اکیلے وعدہ نہیں کر سکتے، اس کے لئے حکومت سے مشاورت ضروری ہے۔
الیکشن کمیشن نے اپنے تحریری جواب میں بلدیاتی اخراجات کی تفصیل بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لئے 15 کروڑ 72 لاکھ 48 ہزار روپے مختص کئے گئے تھے۔
تحریری جواب میں بتایا گیا کہ بلدیاتی انتخابات پر اب تک 5 کروڑ 52 لاکھ 57 ہزار روپے خرچ ہو چکے ہیں، اس رقم سے بیلٹ پیپرز، الیکشن میٹیریل، سٹیشنری اور پیٹرولیم چارجز کی ادائیگی کی گئی ہے۔

ڈی آئی خان: دہشتگردوں کا پولیس چوکی پر راکٹ لانچرز اور دستی بموں سے حملہ

پشاور: (ویب ڈیسک) ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر راکٹ لانچرز اور دستی بموں سے حملہ کردیا جبکہ پولیس بروقت جوابی کارروائی سے دہشت گرد پسپا ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ڈی آئی خان میں کلاچی پولیس سٹیشن کی چوکی ٹکواڑہ پر دہشت گردوں نے رات گئے راکٹ برسا دئیے، چوکی پر دہشت گردوں کی جانب سے شدید فائرنگ بھی کی گئی، تاہم پولیس کی جانب سے بروقت جوابی ایکشن سے دہشت گرد پسپا ہونے پر مجبور ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او محمد شعیب خان نے ڈی ایس پی صدر حافظ عدنان اور سکواڈ کے ساتھ بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیا جس میں دہشت گردوں کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، آپریشن کے دوران چوکی پر موجود اہل کاروں کو ریسکیو کیا اور 4 اہلکاروں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق ڈی آئی خان کی تاریخ میں دہشت گردوں کا یہ کسی بھی پولیس چوکی پر سب سے بڑا حملہ تھا، جس میں تقریباً 20 دہشت گردوں نے چیک پوسٹ کو تین اطراف سے گھیر کر فائرنگ شروع کردی اور حملے میں پی جی سیون راکٹ اور دستی بموں سمیت جدید ہتھیاروں کا استعمال بھی کیا۔
اطلاعات کے مطابق پولیس کی جانب سے اڑھائی گھنٹے تک جاری رہنے والی کارروائی کے دوران دہشت گرد فرار ہو گئے، ریسکیو آپریشن کے دوران دہشت گرد ہلاک و زخمی بھی ہوئے، جنہیں ان کے ساتھی اپنے ساتھ لے گئے، دہشت گرد چوکی پر قبضہ کر کے بڑی تباہی مچانا چاہتے تھے جسے ناکام بنا دیا گیا۔
واقعے کے بعد کلاچی سمیت ضلع بھر میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے، ڈی پی او ڈیرہ محمد شعیب کا کہنا ہے کہ پولیس کسی بھی قیمت پر دہشت گردوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

اراضی کیس : لیگی ایم این اے چودھری اشرف کوجوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) سرکاری اراضی قبضہ کیس میں لیگی رہنما اور رکن قومی اسمبلی چودھری محمد اشرف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ۔
لیگی رہنما چودھری محمد اشرف کیخلاف سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے ، اینٹی کرپشن حکام نے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد لاہور کی جوڈیشل مجسٹریٹ عدالت میں پیش کیا۔
ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ کامران ظفر نے کیس پرسماعت کی ، عدالت میں اینٹی کرپشن کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی ۔
عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے لیگی رہنما کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
خیال رہے کہ اینٹی کرپشن نے 27 دسمبر کو مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے چوہدری اشرف کو گرفتار کیا تھا۔
چودھری محمد اشرف ساہیوال کے حلقہ 161 سے رکن قومی اسمبلی ہیں ، لیگی رکن اسمبلی پر 157 ایکڑ 1 کنال 16 مرلے سرکاری اراضی جعلسازی سے اپنے نام کرانے کا الزام ہے۔

اسرائیل کسی بھول میں نہ رہے، یروشلم کے مقدس مقامات ہماری ریڈ لائن، معرکے کے لئے تیار ہیں، شاہ اردن

لاہور : (ویب ڈیسک) اردن کے شاہ عبداللّٰہ نے کہا ہے کہ اگر یروشلم کے مقدس مقامات کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ کسی بھی معرکے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے کی خاتون میزبان بیکی اینڈرسن کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہ عبداللّٰہ نے کہا کہ اسرائیل کے زیر تسلط مشرقی یروشلم میں موجود مسلم اور عیسائی مقدس مقامات کے انتظامی معاملات کے حوالے سے اردن میں تشویش پائی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل میں مقدس مقامات کی انتظامی حیثیت تبدیل کرنے کے حوالے سے کوششیں ہو رہی ہیں۔
شاہ اردن نے کہا کہ یہ ہماری ریڈ لائن ہے، اگر کوئی ہم سے لڑائی کرنا چاہتا ہے تو ہم بالکل تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ مثبت سوچتا ہوں لیکن ہماری کچھ ریڈ لائنز ہیں، اور اگر کوئی ان ریڈ لائنز کو عبور کرنا چاہتا ہے تو ہم اس سے نمٹ لیں گے۔
خیال رہے کہ اسرائیل میں حالیہ انتخابات کے بعد منتخب کردہ بینجمن نیتن یاہو کی حکومت میں دائیں بازو کے نظریات رکھنے والی جماعتیں شامل ہیں۔
شاہ عبداللّٰہ نے انٹرویو میں کہا کہ ہم اگلے انتفادہ کے حوالے سے فکرمند ہیں، اور اگر ایسا ہوتا ہے تو امن و امان کی صورتحال تباہ ہوجائے گی اور اس سے نا ہی اسرائیل کو اور نا فلسطین کو کوئی فائدہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ اس معاملے پر خطے میں سب ہی کو فکر ہے، حتیٰ کہ اسرائیل میں بھی بہت سے لوگ اس پر فکرمند ہیں جو یہ چاہتے ہیں کہ ایسا کچھ نہ ہو۔
خیال رہے کہ اردن کا شاہی خاندان 1924 سے یروشلم کے مقدس مقامات کی نگرانی اور انتظامات کا ذمہ دار ہے۔

حکومت کا یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل گھرانوں کو یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت نے مستحق گھرانوں کو یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔
سبسڈائزڈ اشیاء صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے رجسٹرڈ خاندانوں کو دی جائیں گی اور اس پیکج سے بے نظیر انکم سپورٹ کے 8 لاکھ سے زائد افراد کو سہولت حاصل ہوگی۔
یوٹیلیٹی سٹورز پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے رجسٹرڈ افراد کے لئے چینی 70 روپے فی کلو، 10 کلو آٹا 400 روپے جبکہ گھی 300 روپے میں دستیاب ہوگیا۔
دوسری جانب عام شہریوں کے لئے يوٹيلیٹی سٹورز پر گھی، آٹے اور چینی کی قیمتیں مزید بڑھا دی گئی ہیں۔
یوٹیلیٹی سٹورز پر اب عام شہریوں کو گھی 75 روپے فی کلو، چینی 19 روپے فی کلو اور 10 کلو آٹے کا تھیلا 248 روپے مہنگا ملے گا۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد اب عام شہریوں کیلئے چینی 89 روپے فی کلو، گھی 375 روپے کل اور آٹے کا دس کلو کا تھیلا 648 روپے میں دستیاب ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیدیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہ کرانے کا ذمہ دار حکومت کو قرار دے دیا۔
بلدیاتی انتخابات التواء سے متعلق کیس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریری جواب جمع کروا دیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا بروقت انعقاد نہ ہونے کی ذمہ دار صوبائی اور مرکزی حکومتیں ہیں۔
الیکشن کمیشن نے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں انتخابات کے قریب آنے سے قبل قوانین میں تبدیلی نہ کرنے اور آئین کے آرٹیکل 140 اے و الیکشن ایکٹ 219 میں ترمیم کی تجویزدیتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق آئینی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے سنجیدہ ہیں۔
جواب میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے بروقت بلدیاتی انتخابات کا حکم دیا جسے ہائی کورٹ نے کالعدم قرار دے دیا، سیکشن 219 (1) کے تحت لوکل گورنمنٹ قوانین کو پیش نظر رکھتے ہوئےانتخابات کروائیں گے، تاہم جب انتخابات کی تیاری مکمل ہوتی ہے تو وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے قوانین میں تبدیلی سےالیکشن کے بروقت انعقاد میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ سیکشن 219 (1) اور (4) آپس میں متصادم ہیں، سیکشن 219 (1) لوکل گورنمنٹ قوانین کے تحت صوبائی اور مرکز میں بلدیاتی الیکشن کا مینڈیٹ دیتا ہے، الیکشن کمیشن کے لیے 120 روز میں بلدیاتی انتخابات کرانا ضروری ہوتا ہے، مگر مرکزی و صوبائی حکومتیں قوانین میں تبدیلی کرتی ہیں تو انتخابات کرانے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
جواب میں وضاحت کی گئی ہے کہ قانون میں مجوزہ ترمیم کا مقصد مرکز یا صوبائی حکومتوں کو الیکشن کے قریب آنے سے قبل قوانین میں تبدیلی سے روکنا ہے۔
الیکشن کمیشن نے اپنے جمع کروائے گئے جواب میں عدالت سے درخواست گزاروں کی استدعا مسترد کرنے کی اپیل کی ہے۔
گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں دئیے گئے حکم پر عمل سے متعلق الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ وزارت قانون 4 ماہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر رضامند ہے، تاہم وزیر داخلہ نے وفاقی حکومت سے مشاورت کے لیے وقت طلب کیا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف کیس کی سماعت آج کریں گے۔
اس سلسلے میں پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کو چیلنج کر رکھا ہے کیوں کہ الیکشن کمیشن نے یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کے بعد بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیے تھے جبکہ الیکشن کمیشن گزشتہ روز پرانے شیڈول کے مطابق 31 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے سے معذرت کر چکا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد دھماکے کے بعد شہر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں دھماکے کے بعد سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور اب ناکوں پر پولیس کی معاونت کیلئے ایف سی اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے۔
اس حوالے سے اسلام آباد پولیس نے وزارت داخلہ کو مراسلہ بھیج دیا ہے، جس میں 1000 ایف سی اہلکار مانگے گئے ہیں۔
ایف سی کے 1000 اہلکار وفاقی دارالحکومت کے 25 مقامات پر تعینات کئے جائیں گے اور ناکوں پر موجود پولیس اہلکاروں کی معاونت کریں گے۔

کرسٹیانو رونالڈو کا لیجنڈری فٹبالر پیلے کو شاندارخراج عقیدت

لندن : (ویب ڈیسک) پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے لیجنڈری کھلاڑی پیلے کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ پیلے کو کبھی نہیں بھلایا جا سکے گا‘‘۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیلے کے انتقال پر پوری دنیا میں موجود فٹبال کے مداح اداس ہوگئے وہیں پرتگال کے سٹار فٹبالر رونالڈو نے لیجنڈری کھلاڑی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئر نگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے ایک تعزیتی پیغام میں رونالڈو نے اپنی اور پیلے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ پیلے کی موت پر دنیائے فٹبال میں جو غم ہے اسے بیان کرنا مشکل ہے۔
رونالڈو نے کہا کہ میں پیلے کے انتقال پر پورے برازیل جبکہ خصوصی طور پر پیلے کے خاندان سے تعزیت کرتا ہوں، پیلے کو کبھی بھی بھلایا نہیں جاسکے گا اور ان کی یاد ہم میں سے ہر ایک فٹبال سے محبت کرنے والے میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔

یونائیٹڈ کپ : یونان، سوئٹزرلینڈ، امریکا، برطانیہ ، اٹلی اور فرانس کا فاتحانہ آغاز

سڈنی : (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں شروع ہونے والے یونائیٹڈ ٹینس کپ میں یونان ،سوئٹزرلینڈ ، امریکا ، برطانیہ ، اٹلی اور فرانس نے فاتحانہ آغازکردیا۔
ایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز (اے ٹی پی) اور ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے) کے زیر اہتمام یونان کی ٹیم نے ابتدائی میچ میں بلغاریہ کو ، سوئٹزرلینڈ کی ٹیم نے قازقستان ،امریکا نے جمہوریہ چیک کو، برطانیہ نے میزبان آسٹریلیا ،اٹلی کی ٹیم نے حریف برازیلین اور فرانس نے ارجنٹائن کو ابتدائی میچ میں شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغازکر دیا ہے۔
آسٹریلیا کے تین مختلف شہروں میں شروع ہونے والے اپنی نوعیت کے پہلے ایونٹ میں 18 ممالک کی ٹیمیں شامل ہیں جن کو 6 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔
گروپ اے میں یونان کی ٹیم نے حریف بلغاریہ کی ٹیم کو 1-3 سے شکست دی ، گروپ بی کے ابتدائی میچز میں سوئٹزرلینڈ کی ٹیم نے قازقستان کو0-2 سے ہرایا ، گروپ سی میں امریکا کی ٹیم نے جمہوریہ چیک کی ٹیم کو 1-4 سے مات دی ۔
گروپ ڈی میں برطانیہ کی ٹیم نے میزبان آسٹریلوی ٹیم کو با آسانی 0-2 سے پچھاڑ دیا ، گروپ ای میں اٹلی کی ٹیم نے حریف برازیلین ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین میچز سے شکست دی اور اسی طرح فرانس کی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ارجنٹائن کی ٹیم کو 0-2 سے شکست دی ۔
یونائیٹڈ کپ بین الاقوامی آئوٹ ڈور ہارڈ کورٹ مینز اینڈ ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ ہے جس کا انعقاد ایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز (اے ٹی پی)اور ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے) نے کیا ہے۔
آر اے سی ارینا پرتھ میں 29 دسمبر سے شروع ہونے والا ٹورنامنٹ 8 جنوری 2023 کو اختتام پذیر ہوگا۔
ٹورنامنٹ سے کھلاڑیوں کو اپنی اے ٹی پی رینکنگ اور ڈبلیو ٹی اے رینکنگ پوائنٹس میں اضافہ کرنے کا سنہری موقع ملے گا اورایک کھلاڑی زیادہ سے زیادہ 500 پوائنٹس جیتنے کے قابل ہوسکے گا۔

ہیلی کاپٹر تنازع: بیرسٹرسیف کی غلام علی کو گورنر ہاؤس میں بند کرنے کی دھمکی

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان نے صوبے کے گورنر حاجی غلام علی کو گورنر ہاؤس میں بند کرنے کی دھمکی دے دی۔
گورنر خیبرپختونخوا اور صوبائی حکومت کے درمیان سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کو لے کر صورتحال مسلسل کشیدہ ہو رہی ہے اور اب وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر دینے سے انکار کے بعد گورنر کے پی حاجی غلام علی نے گورنر ہاؤس میں ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ روکنے کا اعلان کیا ہے۔
گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کرسکتا تو لینڈنگ بھی نہیں کرنے دوں گا، وزیراعلیٰ نے سرکاری ہیلی کاپٹر کو ذاتی ہیلی کاپٹر بنا دیا ہے، وہ اپنے ذاتی ہیلی کاپٹر کو اتارنے کے لیے اپنے گھر میں بندوبست کریں۔
اس کے جواب میں صوبائی حکومت کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے دھمکی دی ہے کہ گورنر ہاؤس کو باہر سے تالا لگا کر گورنر کو اندر بند کر دیں گے۔