ماسکو کے اوڈیسا پر حملے کے بعد یوکرین کی ماریوپول سے شہریوں انخلا کی کوشش

یوکرین کہنا ہے کہ وہ تباہ شدہ بندرگاہی شہر ماریوپول سے شہریوں کو نکالنے کی ایک نئی کوشش کرے گا، یہ شہر زیادہ تر روسی افواج کے زیر قبضہ ہے جبکہ ہفتے کے آخر میں جنگ بندی کی امیدیں معدوم ہو چکی ہیں۔

 رپورٹ کے مطابق کیف نے کہا ہے کہ اس کے علاوہ، بحیرہ اسود کے شہر اوڈیسا میں روسی حملے میں ایک بچے سمیت کم از کم پانچ افراد ہلاک اور 18 زخمی ہو ئے ہیں۔

اتوار کے روز جنگ تیسرے مہینے میں داخل ہو رہی ہے اور اس لڑائی کے دوران شہریوں کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔

یوکرین کے صدارتی دفتر کے سربراہ اینڈری یرمارک نے ٹیلی گرام پر کہا کہ’5 یوکرینی ہلاک اور 18 زخمی ہوئے ہیں، یہ صرف وہ ہیں جنہیں ہم تلاش کر پائے ہیں، ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہو گی‘۔

قبل ازیں گزشتہ روز یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا نے کہا تھا کہ ’اوڈیسا پر روسی میزائل حملوں کا واحد مقصد دہشت گردی ہے‘۔

یوکرین کی فضائیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے دفاعی نظام کے ذریعے دو روسی ٹی یو 95 میزائلوں کو روکا، یہ میزائل بحیرہ کیسپین سے داغے گئے تھے۔

نائب وزیر اعظم ایرینا ویرشچک نے ٹیلی گرام کے ذریعے کہا ہے کہ ’آج ہم دوبارہ خواتین، بچوں اور بوڑھوں کو نکالنے کی کوشش کریں گے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر سب کچھ منصوبہ بندی کے مطابق ہوتا ہے، تو ہم دوپہر کے قریب انخلاء شروع کر دیں گے‘۔

قبل ازیں روس کے ایک سینیئر فوجی افسر نے ’خصوصی آپریشن کے دوسرے مرحلے کے بارے میں کہا تھا، ماسکو کی جانب سے یوکرین پر شروع کیے گئے حملوں کا مقصد یوکرینی زمین کے بڑے حصے پر کنٹرول حاصل کرنا ہے۔

2014 میں یوکرین کے حامی قوم پرستوں کی جانب سے قائم کردہ ازوف بٹالین نے ایک ویڈیو جاری کی تھی۔

ازوف بٹالین کو بعد ازاں یوکرین کے نیشنل گارڈ میں ایک رجمنٹ کے طور پر شامل کیا گیا تھا اور اس نے ماریوپول کے دفاع میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔

غیر ملکی خبر رسان ادارے ’رائٹرز‘ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ آزادانہ طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کر سکا کہ یہ ویڈیو کہاں اور کب شوٹ کی گئی تھی، اس ویڈیو میں بولنے والا شخص کون ہے جبکہ اس ویڈیو کے جاری ہونے کی تاریخ 21 اپریل ہے۔

بٹالین کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں فوجیوں کو ازوفٹال کمپلیکس میں پناہ لینے والے عام شہریوں کے لیے کھانا لاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ایک عورت نے ایک چھوٹا بچہ پکڑے ہوئے ہے اس کا کہنا ہے کہ پلانٹ میں لوگوں کا کھانا ختم ہو رہا ہے، ’ہم واقعی گھر جانا چاہتے ہیں‘۔

صدارتی مشیر اولیکسی آریسٹووچ نے کہا ہے کہ ’روسی افواج ازوفٹال کمپلیکس کو فضائی حملوں سے نشانہ بناتے ہوئے اسے تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ ماسکو نے کہا تھا کہ وہ پلانٹ کی ناکہ بندی کرے گا اور اسے حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرے گا‘۔

یوکرین کے حکام کے مطابق ایک ہزار سے زیادہ شہری پلانٹ میں موجود فوجیوں کے ساتھ اس کا دفاع کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں ایک نامعلوم لڑکے نے بتایا کہ وہ دو ماہ تک پلانٹ میں رہنے کے بعد باہر نکلنے کے لیے بے چین تھا۔

اس کا کہنا تھا کہ ’میں سورج کو دیکھنا چاہتا ہوں کیونکہ یہاں اندھیرا ہے، یہ باہر کی طرح نہیں ہے، جب ہمارے گھر دوبارہ تعمیر ہوں گے تو ہم سکون سے رہ سکیں گے‘۔

لڑکے کا کہنا تھا کہ ’یوکرین کو جیتنے دو کیونکہ یوکرین ہمارا آبائی گھر ہے‘۔

ویڈیو میں خواتین کو ازوفٹال ڈیزائن کی وردی پہنے ہوئے دکھا گیا، ایک خاتون نے بتایا کہ انہوں نے 27 فروری سے روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے اسٹیل ورکس میں پناہ لی ہوئی ہے۔

نواز ، شہباز، حمزہ، مریم، زرداری سمیت 100 افراد کے نام ای سی ایل سے نکال دیے گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نئی حکومتی پالیسی کے مطابق 100 سے زائد افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکال دیے گئے۔
جن افراد کے نام ای سی ایل سے نکالے گئے ہیں ان کے نام اس لسٹ پر ڈالنے کی تجویز قومی احتساب بیورو (نیب) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے دی گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جن افراد کے نام حساس ادارے اور عدالت کی جانب سے ای سی ایل پر ڈالنے کا کہا گیا ہے ان ناموں کو لسٹ پر برقرار رکھا جائے گا۔
جن افراد کے نام ای سی ایل سے نکالے گئے ہیں ان میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز، موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف اور منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور سمیت دیگر نام بھی لسٹ سے نکالے گئے ہیں۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، موجودہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کے نام بھی ای سی ایل سےنکال دیئے گئے ہیں۔
موجودہ اتحادی حکومت نے ای سی ایل کے حوالے سے نئی پالیسی وضع کی ہے جس کے تحت چار ماہ تک ای سی ایل پر رہنے والے نام لسٹ سے نکال دیے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر اہم شخصیات کے نام ہی لسٹ سے خارج کیے گئے ہیں تاہم مجموعی طور پر تین ہزار کے قریب نام ای سی ایل سے نکالے جائیں گے۔ اس حوالے سے وزارت داخلہ میں لسٹوں کی چھانٹی جاری ہے۔

رمضان المبارک کے 20 دنوں میں 40 لاکھ افراد نے عمرے کی سعادت حاصل کی

ریاض: (ویب ڈیسک) رمضان المبارک کے ابتدائی 20 ایام میں 40 لاکھ سے زائد افراد نے عمرے کی سعادت حاصل کی۔
سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکام کے مطابق رمضان کے آغاز سے 20 رمضان تک 42 لاکھ افراد نے عمرہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دو برس سے عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے عمرے اور حج کیلئے محدود تعداد میں زائرین کو جانے کی اجازت تھی تاہم اس سال پابندیاں تقریباً ختم کردی گئی ہیں جس کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں نے عمرے کیے ہیں۔
رواں برس حج میں بھی 10 لاکھ افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔

فرانس صدارتی انتخاب کا دوسرا مرحلہ کل ہوگا، میکرون کا مسلسل دوسری بار صدر بننے کا امکان

پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس کے صدارتی انتخاب کے دوسرے اور آخری مرحلے میں کل ووٹنگ ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق صدارتی انتخاب کے پہلے مرحلے میں 10 اپریل کو ووٹنگ ہوئی تھی اور نتائج کے مطابق صدر ایمانوئیل میکرون نے 27.85 فیصد ووٹ حاصل کرکے پہلی پوزیشن پر رہے۔
انتہائی دائیں بازو کی امیدوار مارین لیپن نے 23.15 فیصد ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہیں۔
فرانسیسی قانون کے مطابق پہلے مرحلے میں 50 فیصد ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار صدر بن جائے گا، اگر کوئی امیدوار 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرسکا تو پہلی اور دوسری پوزیشن والے امیدواروں میں دوسر ا مرحلے میں مقابلہ ہوگا۔
فرانس کے صدارتی انتخاب کے دوسرے اور آخری مرحلے میں ووٹنگ کل 24 اپریل کو ہوگی۔
آخری مرحلے میں میکرون اورانتہائی دائیں بازو کی امیدوار مارین لیپن کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ 2017 کے صدارتی انتخاب میں بھی میکرون اورمارین لیپن کے درمیان مقابلہ ہوا تھا اور دوسرے مرحلے میں میکرون 66 فیصد سے زائد ووٹ لیکر صدر منتخب ہوئے تھے۔
حالیہ صدارتی انتخاب کے بھی آخری مرحلے میں امیدوار کو جیت کیلئے 50 فیصد سے زائد ووٹ درکار ہوں گے، اگر ایمانوئیل میکرون صدارتی انتخاب جیت گئے تو 20 سال میں پہلے سیاستدان ہوں گے جو دوسری بار صدر بنیں گے۔

کوئی ہمارے بغیر نہ حکومت بنا سکتا ہے اور نہ بچا سکتا، خالد مقبول صدیقی

کراچی: (ویب ڈیسک) متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کوئی ہمارے بغیر نہ حکومت بنا سکتا ہے اور نہ بچا سکتا ہے۔
ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے مینڈیٹ کو چرایا گیا، ہم 24 کے بجائے 7 ہیں مگر مہاجر قوم انہی 7 کے ساتھ کھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ہم سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ مانگ رہے ہیں، مینڈیٹ تو ہمارا آج بھی ہمارے ساتھ کھڑا ہے، کوئی ہمارے بغیر نہ حکومت بنا سکتا ہے اور نہ بچا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی اسکے ساتھ وفادار ہوگا جو ہمارے ساتھ وفادار ہوگا۔
مزید کہا کہ جن کی ذمہ داری ہے وہ ثابت کریں کہ عالمی سازش ہوئی یا نہیں ،اگر عالمی سازش ثابت ہوگئی تو ہم انکے ساتھ کھڑے ہوں گے، ہم سڑکوں پر بھی ان کا ساتھ دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو ہمارے ساتھ کھڑا ہوگا ہم اس کے ساتھ کھڑے ہونگے، ہم اپنے لوگوں کے مطالبات لیکر حکومتوں میں شامل ہوتے ہیں۔

مشہور بھارتی اداکار ڈاکٹر جسوندر بھلا کرتار پور پہنچ گئے

کرتار پور: (ویب ڈیسک) مشہور بھارتی فلمی اداکار ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر جسوندر بھلا کرتار پور پہنچ گئے۔
کرتار پور آمد پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جسوندر بھلا نے کہا کہ بڑی امید تھی کہ ایک دن ہمیں بھی کرتار پور کا ویزہ ملے گا اور ہم درشن کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کرتارپور درشن ڈیوڑی پہنچنے پر شاندار استقبال پر انتظامیہ کا مشکور ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ سردیوں میں پورے پاکستان کا ویزہ ملے تاکہ لاھور کے راستے ننکانہ صاحب پنجہ صاحب کا بھی درشن کر سکوں۔

رونالڈو نے بیٹے کے انتقال کے بعد خاندان کے ہمراہ فوٹو شیئر کردی

لزبن: (ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور اُن کی گرل فرینڈ جارجینا روڈریگیز نوزائیدہ بیٹے کی موت کے بعد سوشل میڈیا پر خاندان کے ہمراہ پہلی تصویر شیئر کردی۔
سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر پرتگال کی فٹبال ٹیم کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے گرل فرینڈ کے ہمراہ پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ وہ اپنی نوزائیدہ بیٹی کے ساتھ گھر واپس آگئے ہیں جبکہ نیک خواہشات پر مداحوں کے شکر گزار ہیں۔
اسٹار فٹبالر نے فیملی فوٹو کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ جیو (جارجیا) اور نومولود بیٹی بلآخر گھر آگئے، آپ کا تعاون بہت ضروری ہے جبکہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اس ننھی مہمان کے لیے شکر گزار ہوں جس کا ہم نے اس دنیا میں خیرمقدم کیا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ دنوں رونالڈو کے جڑواں بچوں میں سے ایک نومولود بیٹا انتقال کرگیا تھا۔ جس پر رونالڈو نے مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ یہ سب سے بڑا درد ہے جسے کوئی بھی والدین محسوس کر سکتے ہیں۔

خاتون نے بھیک سے جمع 1 لاکھ روپے عطیہ کردیئے

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاسٹ کرناٹک میں عمر رسیدہ بھکارن نے ایک لاکھ بھارتی روپے مذہبی فریضے کے لیے عطیہ کردیئے۔
بھارتی نیوز ویب سائٹ کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹک کے پولالی گاؤں میں 80 سالہ بھکارن ’انادنا سیوا‘ نے مذہبی رسومات کے لیے ایک لاکھ روپے کا عطیہ کیے، جسے خاتون نے بھیک مانگ کر جمع کیے تھے۔
اس سے قبل بھی بھکارن خاتون نے مختلف مذہبی رسومات کے لیے 5 لاکھ روپے عطیہ کیے تھے۔وہ گذشتہ 25 سالوں سے مختلف مندروں میں بھیک مانگ کر چندہ دے چکی ہیں۔

کار پر فائرنگ: سابق صدر ڈسٹرکٹ بار محمود پرویز رانجھا اور ڈرائیور جاں بحق

منڈی بہاء الدین: (ویب ڈیسک) منڈی بہاء الدین کے علاقے ہمبڑ کے قریب کار پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سابق صدر ڈسٹرکٹ بار محمود پرویز رانجھا اور ڈرائیور جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے محمود پرویز رانجھا کا بیٹا دانیال رانجھا زخمی ہوا ہے جبکہ راہگیر خاتون اور ایک سال کا بچہ بھی زخمی ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی دانیال رانجھا کو تشویشناک حالت میں لاہور ریفر کر دیا گیا ہے۔ محمود رانجھا ڈسٹرکٹ کورٹس سے واپس اپنے گاؤں جارہے تھے کہ ہمبڑ کے قریب گھات میں بیٹھے نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کی۔

بلاول بھٹو آئندہ ایک دو روز میں وزیر خارجہ کا حلف اٹھا لیں گے: قمر زمان کائرہ

لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمز زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو آئندہ ایک دو روز میں وزیر خارجہ کا حلف اٹھا لیں گے۔
خیال رہے کہ قمر زمان کائرہ، شیری رہنما اور سید نوید قمر لندن میں موجود ہیں جہاں انہوں نے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات بھی کی تھی۔
سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بلاول بھٹو آئندہ ایک دو روز میں وزیر خارجہ کا حلف اٹھا لیں گے، چیئرمین پی پی پی پاکستان روانہ ہوچکے ہیں۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ بلاول کا وزیرخارجہ بننا پہلے سے طے شدہ معاملہ ہے۔