وزیر اعظم نے خضدار کچلاک قومی شاہراہ کے سیکشن ون اور ٹو کا سنگ بنیاد رکھ دیا

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے خضدار کچلاک قومی شاہراہ کے سیکشن ون اور ٹو کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں خضدار کچلا قومی شاہراہ سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خضدار اور کچلاک کراچی سے چمن تک 760 کلومیٹر کا فاصلہ ہے، اس سارے راستے کو خونی راستہ کہا جاتا ہے، 303 کلو میٹر کے اس سیکشن سے مسائل حل ہوں گے۔
انھوں نے کہا بلوچستان کے بڑے بڑے منصوبے بند پڑے ہیں، ان منصوبوں پر اربوں روپے لگ گئے ہیں لیکن نظر نہیں آتے، ان منصوبوں کو دوبارہ دیکھیں اور مسائل حل کریں، ان منصوبوں کو تھرڈ پارٹی کے ذریعے چیک کیا جائے گا، تھرڈ پارٹی دیکھے گی کہ کام ٹھیک ہو رہا ہے یا نہیں۔
شہباز شریف نے کہا لسبیلہ سے لے کر چمن تک 200 ارب کا منصوبہ ہے، میں وعدہ کرتا ہوں کم ترین وقت میں منصوبہ مکمل کریں گے، ڈیڑھ سال میں کراچی سے چمن تک منصوبہ مکمل کرنا ہے، میں ڈیڑھ سال کا وقت دے رہا ہوں، یہ چیلنج ہے، ہماری حکومت کی مدت بھی ڈیڑھ سال ہے، کوشش کروں گا اس منصوبے کے پیسوں کا جلد انتظام ہو۔
وزیر اعظم نے کہا وکلا اور سردار اختر مینگل نے مسنگ پرسنز اور دیگر مسائل کا ذکر کیا، مسنگ پرسنز کے معاملے پر آپ کے ساتھ مل کر آواز اٹھاؤں گا، اور جن کی ذمہ داری ان سے بات کریں گے۔
انھوں نے کہا بلوچستان کو ہم ٹیکنیکل یونیورسٹی دیں گے، یہ پاکستان کی سب سے بہترین یونیورسٹی ہوگی، بلوچستان کی محرومیوں میں اضافہ ہوا ہے، شمالی بلوچستان اور جنوبی بلوچستان کے بیانیے کو ترک کریں، شمالی علاقے ہوں یا جنوبی علاقے مسائل حل کریں گے، جہاں ترقی کا سفر رک چکا ہے وہاں اپنے وسائل استعمال کرنے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا سوئی سے ملک کو گیس مل رہا ہے، لیکن یہاں رہنے والوں کو فائدہ نہیں، بلوچستان کو ملنے والا فائدہ آٹے میں نمک کے برابر ہے،قدرتی وسائل سے پوری طرح فائدہ نہیں اٹھا سکے، ریکوڈک معاملے پر اربوں روپے اور کئی سال ضائع ہوئے، یہ ہماری انفرادی اور اجتماعی کارکردگی کا امتحان تھا جس میں ہم ناکام رہے، کیا ہم ماضی کی طرف دیکھتے رہیں گے یا آگے بڑھیں گے؟

نئی حلقہ بندیوں کیخلاف پی ٹی آئی کی اپیل سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نئی حلقہ بندیوں کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اپیل سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے آفس اعتراضات کے خلاف تحریک انصاف کی اپیل سماعت کے لیے مقرر کردی۔
جسٹس اعجاز الاحسن 25 اپریل کو تحریک انصاف کی اپیل پرچیمبر میں سماعت کریں گے۔
خیال رہے کہ رہنما تحریک انصاف اسدعمر نے نئی حلقہ بندیوں کو چیلنج کیا تھا تاہم سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست کو اعتراض لگا کر واپس کردیا تھا، رجسٹرار آفس کے اعتراضات پر اسدعمر نے اپیل دائر کی تھی۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے کام سے روکنے کا حکم ماننے سے انکار کردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ قانون پنجاب نے ایڈووکیٹ جنرل کو کام سے روک دیا۔
محکمہ قانون اور پارلیمانی امور نے مراسلہ جاری کردیا جس کے مطابق احمد اویس کسی عدالت میں پنجاب حکومت کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔ گورنر کی رٹ پٹیشن میں ایڈووکیٹ جنرل نے انتظامی امور کی خلاف ورزی کی۔
مراسلے میں کہا گیا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی نمائندگی کرنا ہے، صوبائی حکومت کی عدم موجودگی میں ایڈووکیٹ جنرل عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔
محکمہ قانون نے ایڈووکیٹ جنرل سے کہا کہ صوبائی حکومت کے فعال نہ ہونے سے پیچیدگیاں بڑھ رہی ہیں، درخواست ہے کہ ایسے کیسز میں آپ پیش نہ ہوں اور انتظامی معاملات کے کیسز میں حاضر نہ ہوں۔
ادھر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس بھی ڈٹ گٸے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک گورنر عہدے سے نہیں ہٹاتے ایڈووکیٹ جنرل کو کوٸی کام سے نہیں روک سکتا۔ بھجوائے گئے مراسلے کا جواب دیدیا ہے، میں نے اعلان کر رکھا ہے کہ جیسے ہی دوسری حکومت آٸے گی استعفی دے دوں گا۔

بیرونی سازش ثابت ہوگئی، کارکن حقیقی آزادی مارچ کی تیاریاں کریں: عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف الیکشنر کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی سازش ثابت ہوگئی، عوام کا سونامی اسلام آباد آئے گا، کارکن حقیقی آزادی مارچ کی تیاریاں کریں، پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے اسلام آباد کی کال دوں گا، پی ٹی آئی حکومت کو ہٹانے کی سازش لندن میں تیار ہوئی، نواز شریف، شہباز شریف اور آصف زرداری بھی شریک تھے، سپریم کورٹ معاملے کی اوپن سماعت کرے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اللہ کا وعدہ ہے سچ سامنے آتا ہے، قومی سلامتی کمیٹی میٹنگ نے کنفرم کیا مراسلہ اصلی تھا، جو بائیڈن انتظامیہ کے آفیشل نے تکبر کی زبان استعمال کی، ملک کے وزیراعظم کو دھمکی دی گئی، عدم اعتماد سے پہلے ڈونلڈ لو نے دھمکی دی، دھمکی میں کہا گیا اگر عمران خان کو نہیں ہٹائیں گے تو مشکلات آئیں گی، ملک کے وزیراعظم کے خلاف سازش کی گئی، ڈونلڈ لو کی میٹنگ کے بعد اگلے دن عدم اعتماد جمع کرائی گئی، عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد تماشا شروع ہوا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت میں تاریخ میں سب سے زیادہ ایکسپورٹ ہوئی، سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا گیا، تب ہمارے خلاف سازش کی گئی اب ملک میں پورا افراتفری کا ماحول بن گیا ہے، اب تو واضح ہوگیا جو میں کہہ رہا تھا وہ سچ ہے، زیادہ تر لوگوں کو پتا نہیں تھا انجانے میں سازش کا حصہ بنے ہوئے تھے، نوازشریف، شہبازشریف، زرداری سازش میں ملے ہوئے تھے، شہباز شریف کو مراسلے کی حقیقت کا پتا تھا یہ بڑی دیر سے ان سے ملاقاتیں کر رہے تھے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ سپریم کورٹ کو رولنگ ہٹانے کے بجائے انویسٹی گیشن کرنی چاہیے تھی، اب چاہتا ہوں سپریم کورٹ میں کھلی سماعت ہونی چاہیے، یہ ہماری آزادی کے خلاف بہت بڑی واردات ہے، سپریم کورٹ کھلی سماعت کرے، اگر کھلی سماعت نہ ہوئی تو بیرونی دباؤ پر ہمارا وزیراعظم ہاتھ کھڑے کر دے گا، اگر ہمارے ادارے خود داری کے لیے نہیں کھڑے ہوں گے تو ہمیشہ کے لیے ہمارے وزرائے اعظم دھمکیاں برداشت کریں گے، جب انویسٹی گیشن ہوگی تو پتا چلے گا کونسے سفیروں نے سیاست دانوں سے ملاقاتیں کیں، میڈیا میں بڑے صحافیوں نے سازش بارے لکھنا شروع کر دیا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس خبریں آ رہی تھی لندن میں کون ملاقاتیں کر رہا ہے، اگر ہمارے ادارے آج خود داری، آزادی کے لیے نہیں کھڑے ہوں گے تو پھر بچوں کا مستقبل خطرے میں ہے، منحرف اراکین نے اپنے حلقوں، جمہوریت سے غداری کی، الیکشن کمیشن، سپریم کورٹ منحرف اراکین کا کیس روزانہ کی بنیاد پر سنے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی کی میٹنگ ہوئی اس سے پہلے کہہ رہا تھا کہ مراسلہ آیا، ملک کے خلاف سازش ہوئی نیشنل سکیورٹی میٹنگ میں واضح ہوا کہ مراسلہ اصلی ہے، مراسلے میں جو زبان استعمال کی گئی اس میں تکبر تھا، جو بائیڈن انتظامیہ نے کہا کہ عمران خان کو ہٹاتے نہیں تو مسئلہ ہوگا، عمران خان کو ہٹاؤ گے تو معاف کیا جائے گا، ہمارے سفیر سے ڈونلڈ لو کی ملاقات ہوئی، ڈپٹی سپیکر نے اپنے حلف پر مراسلہ پر کارروائی کی، سپریم کورٹ خود مراسلہ کا جائزہ لے اور اوپن سماعت کرے، یہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے خلاف بڑی سازش تھی، ان کی حکومت نے بھی اب کنفرم کر دیا کہ مراسلہ آیا تھا، جب عدالت تحقیقات کریگی تو پتہ چلے گا کون کون سے سیاستدان ایک ملک کے سفارتخانہ کے چکر لگانا شروع ہوگئے۔
نیوز کانفرنس کرتے عمران خان نے چیف الیکشنر کمشنر سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مغرب کی جمہوریت میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا خرید و فروخت ہو، حیران ہوں سپریم کورٹ، الیکشن نے خرید و فروخت کا نوٹس نہیں لیا، الیکشن کمشنر سارے فیصلے ہمارے خلاف کرتا ہے، ہمیں اعتماد نہیں، چیف الیکشن کمشنر امپائر نہیں بن سکتا، استعفیٰ دے، گاؤں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ محلہ لیول کی تنظیمیں اسلام آباد حقیقی مارچ کی تیاری کریں، اسلام آباد میں عوام کا اتنا بڑا سمندر آئے گا، عوام میں بیداری آچکی ہے، پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے اسلام آباد کی کال دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف 40 ارب کرپشن کا کیس ہے، شہباز شریف نے سب سے پہلے تفتیش کرنے والے افسر کو ہٹایا، کابینہ کی 70 فیصد لوگوں کا نام ای سی ایل میں شامل ہے، میرا نام بھی ای سی ایل میں ڈال دیں میں تو ویسے بھی باہرنہیں جانا چاہتا، ضمانت پر رہا شخص فیتے کاٹتا پھر رہا ہے، 27 کی رات کو شب دعا کریں گے، دعا کریں گے حقیقی آزادی کی مارچ کو اللہ کامیاب کرے گا، ہمیں عدالتوں کو مضبوط کرنا چاہیے، منحرف اراکین بے شرمی سے بکے، کیا منحرف اراکین کا عدالتوں کو روزانہ کی بنیاد پر کیس نہیں سننا چاہیے؟۔
ان کا کہنا تھا کہ سنا ہے کہ اس طرح کے اور بھی مراسلے آتے رہتے ہیں، جو بھی یہ شخص کہہ رہا ہے اس سے زیادہ کوئی جھوٹا نہیں ہوگا، پچاس لاکھ آبادی والے نیوزی لینڈ ملک کو بھی کوئی دھمکی نہیں دے سکتا، ایک دفعہ بھٹو، ایک دفعہ مشرف کو ملی جب چاروں شانے چت ہوگئے تھے، یہ دھمکی ہمارے لیے سب سے شرمناک چیز ہے، اس سے بڑی سازش پاکستان کے خلاف نہیں ہوسکتی،20 سال نواز شریف لوگوں کو کہتا رہا زرداری کرپٹ ہیں، ان لوگوں میں کوئی شرم نہیں لوگوں کو بھیڑ، بکریاں سمجھتے ہیں، انہی کیساتھ بیٹھ کر بندر بانٹ کر رہے ہیں، کیا شریف خاندان، زرداری کے علاوہ اور کوئی پارٹی میں نہیں ہے، زرداری نے بیٹے کو چھوڑا ہوا ہے، اگر ان لوگوں کے ہاتھ میں ملک دیا جائے گا تو اس سے بڑی سازش کیا ہوگی؟۔
عمران خان نے کہا کہ سازش ثابت ہو گئی ہے، شہباز شریف نے پہلے کہا تھا مراسلہ سچ ثابت ہوا تو وہ میرا ساتھ دے گا، خدا کے لیے شہباز شریف میرے ساتھ نہ آنا میں چوروں سے نہیں ملتا، شہباز شریف کم سے کم مجھ سے معافی تو مانگو، اب تو ثابت ہوگیا جس کے بوٹ پالش کرتا ہے، انہوں نے ہی مراسلہ بھیجا، سپریم کورٹ نے الیکشن کے حوالے سے 30 سے 40 تجاویز دیں تھی، جوڈیشل کمیشن میں کہا گیا الیکشن کے تمام مسائل کا حل ای وی ایم سے ہوگا، اوور سیز پاکستانیوں نے 31 ارب ڈالر بھیجے، یہ ای وی ایم مشین، اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کو سازش کے تحت روکیں گے، ہم شفاف الیکشن کی بات یہ پرانے طریقہ کار آر او الیکشن کی بات کرتے ہیں، یہ اس لیے ای وی ایم کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

سری لنکا سے سزا یافتہ 41 پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت داخلہ نے منشیات اسمگلنگ کیسز میں سری لنکا سے سزا یافتہ 41 پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قیدیوں کی سزا مکمل ہونے پر ان کی رہائی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جب کہ اس سلسلے میں وزارت داخلہ نےرپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ اسپیشل جج سینٹرل کے فیصلےکی روشنی میں 40 سے زائد پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے احکامات جاری کیے ہیں تاہم عدالتی فیصلے اور پاکستانی قوانین کے مطابق سزاؤں پرنظرثانی کی گئی۔ 100گرام سے زائدمنشیات کیس میں سزا یافتہ 26 قیدیوں کو رہا کیا جائے گا جب کہ 100 گرام سےکم منشیات کیس میں سزا یافتہ 15 قیدیوں کی رہائی کیلئےخط لکھا گیا۔
وزارت داخلہ کے مطابق سری لنکا سے رہائی پانے والے پاکستانی منشیات اسمگلنگ کیسز میں قید تھے، سزا یافتہ 40 سے زائد پاکستانی قیدی نومبر 2020 میں پاکستان لائےگئے تھے جب کہ قیدیوں کو پاکستان لاکر اڈیالہ جیل میں رکھا گیا تھا۔

گورنر پنجاب کی طبیعت خراب، اسپتال میں داخل

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی طبیعت اچانک خراب ہونے کی وجہ سے انہیں ہسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے۔
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو طبیعت ناسازی پر سروسز اسپتال میں داخل کیا گیا۔
ایم ایس ڈاکٹر عامر غفور مفتی نے بتایا کہ سروسز اسپتال میں اُن کا طبی معائنہ جاری ہے مختلف ٹیسٹ کرکے لیبارٹرز بھیجے ہیں، رزلٹ آنے پر مزید تفصیل فزیشن بتائے گا۔ گورنر پنجاب کو کافی ڈی ہائیڈریشن کیوجہ سے مسلسل ڈرپ لگی ہوئی ہے، انہیں فوڈ پوائزننگ ہوئی ہے۔

امریکا؛ نوجوان نے اسنائپر سے 4 افراد کو نشانہ بنانے کے بعد خودکشی کرلی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی دارالحکومت میں 23 سالہ نوجوان نے اپنے فلیٹ میں بنائے گئے ’’اسنائپر نیسٹ‘‘ سے اسکول کے نزدیک 4 راہگیروں کو نشانہ بنایا اور پھر خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں ایک پرائمری اسکول کے نزدیک ایک نوجوان نے 4 افراد کو اسنائپر سے فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور پھر خود کو بھی گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ فائرنگ کرنے والے نوجوان کی شناخت 23 سالہ ریمنڈ اسپینسر کے نام سے ہوئی ہے جس نے فائرنگ سے قبل سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی جس میں غلط ہجے کے ساتھ کیپشن لکھا تھا کہ اسکول شوٹنگ۔
عینی شاہدین اور سوشل میڈیا پوسٹ سے حاصل ہونے والی معلومات کی مدد سے پولیس اپارٹمنٹ تک پہنچ گئی جہاں چھٹی منزل پر اسنائپر لگائی گئی تھی۔ پولیس کو ملزم کے کمرے سے فائر کریکر، دھماکا خیز مواد اور اسلحہ بھی ملا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

یوکرینی فضائیہ کا کارگو طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کی فضائیہ کا ایک اےاین-26 انتونوو کارگو طیارہ جنوب مشرقی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک اور عملے کے دو ارکان زخمی ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین فضائیہ کا تکنیکی پرواز پر مامور کارگو طیارہ پاور لائن سے ٹکرا کر ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا اور طیارے کے دو ٹکڑے ہوگئے۔
زمین پر گرنے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی۔ حادثے میں پائلٹ ہلاک اور عملے کے 2 ارکان زخمی ہوگئے۔ جس علاقے میں طیارہ گر کر تباہ ہوا وہاں جزوی طور پر روسی مسلح افواج کا قبضہ ہے۔
تاہم روسی فوج نے طیارے کو گرانے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ طیارہ پاور لائن سے ٹکرانے کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔
واضح رہے کہ 24 فروری کو بھی یوکرینی فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

مدینہ منورہ میں بس حادثہ،8 عازمین جاں بحق

ریاض: (ویب ڈیسک) مدینہ منورہ کی شاہراہ پرعازمین کی بس الٹنے کے نتیجے میں 8 عازمین جاں بحق اور43 زخمی ہوگئے۔
عالمی ادارے ریڈ کریسنٹ کے مدینہ منورہ میں دفترکی جانب سے جاری بیان کے مطابق مدینہ منورہ حجرہ شاہراہ پرعازمین کی بس الٹنے سے 8 عازمین جاں بحق اور43 زخمی ہوگئے۔بس میں 51 عازمین سوارتھے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارکن جائے حادثہ پرپہنچے اورلاشوں اورزخمیوں کواسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔سعودی حکام کا کہنا ہے کہ بس حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔

انگلش فٹبالر کے گھر کو بم سے اڑانے کی دھمکی

لندن: (ویب ڈیسک) ہیری میگیورکے گھر کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔
انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے کپتان ہیری میگیورکے گھر کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے تاہم مقامی پولیس نے ان کے گھر کی پوری طرح جانچ پڑتال کے بعد کلیئر قرار دے دیا۔
انگلش مڈفیلڈر منگیتر اور دو بچوں کے ہمراہ وہاں رہائش پذیر ہیں، ان کے لیے رواں سیزن کلب اور ملکی سطح پر مایوس کن رہا،وہ بم کی دھمکی دینے والے سے ناواقف ہیں۔
میگیور کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں فٹبالر کو اپنے اہل خانہ سے متعلق سنگین نتائج کی دھمکیاں ملیں جس پر انھوں نے پولیس سے رابطہ کیا تھا۔