اسٹیٹ بینک نے خسارے کی تفصیلات جاری کر دیں

کراچی: (ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کا تجارتی خسارہ 30 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔
اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں تجارتی خسارہ 19 ارب 34 کروڑ ڈالر تھا اور 9 ماہ کا اشیا و خدمات کا مجموعی خسارہ 21 ارب 29 کروڑ ڈالر رہا تھا۔
مارچ میں تجارتی خسارہ 3 ارب 17 کروڑ ڈالر رہا اور اشیا و خدمات کی تجارت کا مجموعی خسارہ مارچ میں 3 ارب 43 کروڑ ڈالر رہا لیکن رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کا تجارتی خسارہ 30 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا اور 9 ماہ میں اشیا و خدمات کی تجارت کا مجموعی خسارہ 33 ارب 27 کروڑ ڈالر رہا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مارچ میں جاری کھاتہ کو ایک ارب 2 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا خسارہ ہوا اور رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کا خسارہ 13 ارب 16 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی سطح پر آ گیا۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں جاری کھاتہ کا خسارہ 27 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا تھا۔
9 ماہ کا خسارہ جی ڈی پی کا 41.3 فیصد ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے 9 ماہ کا خسارہ جی ڈی پی کا 11.5 فیصد تھا۔

وزیرِ اعظم اوروزیر اعلیٰ بلوچستان کی ملاقات، مہنگائی پر قابو پانے کے اقدامات پر بریفنگ

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دورہ کوئٹہ کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی ملاقات کی۔
وزیراعظم کو بلوچستان میں انتظامی امور اور امن و امان کی صورتحال پر آگاہ کیاگیا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وزیر اعظم کو مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی۔
وزیر اعظم کی ماہ رمضان میں اشیا ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات کی ہیں ۔
وزیراعظم شہبازشریف کی کوئٹہ میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ آمد پرگارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔ کوئٹہ پہنچنے پر قائم مقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی اور وزیراعلیٰ قدوس بزنجو نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

عمران خان حکومت میں تھے تو کہتے تھے کہ کسی کو نہیں چھوڑوں گا: مرتضیٰ وہاب

کراچی: (ویب ڈیسک) مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ عمران خان حکومت میں تھے تو کہتے تھے کہ کسی کو نہیں چھوڑوں گا، حکومت میں نہیں تب بھی کہتے ہیں کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔
اسٹار گراﺅنڈ لانڈھی میں اسپورٹس کمپلیکس منصوبے کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سال کی نااہلی اور عوام کا استحصال کرنے والے منہ چھپا رہے ہیں، تبدیلی آگئی ہے، لوگوں نے کھل کر سوال کرنا شروع کر دیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اسٹار گراونڈ بیس ایکڑ پر مشتمل ہے، یہاں ڈھائی ارب روپے لاگت سے اسپورٹس کمپلیکس بنے گا، جو سہولتیں کراچی کے دیگر علاقوں کو میسر ہیں وہی سہولتیں پسماندہ علاقوں کو بھی ملنی چاہیں۔ رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ نے کہا کہ الیکشن میں جو وعدے کئے اس کی تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

تحریک انصاف کا ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن پر جانبداری کا الزام

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن پر جانبداری کا الزام لگا دیا۔ پاکستان تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کنڈکٹ کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
پی ٹی آئی رہنماء عامر محمود کیانی نے وکیل انور منصور خان اور شاہ خاور کے ذریعے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن کے علاوہ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی، عوامی مسلم لیگ، تحریک لبیک، باپ ، بی این پی، اے این پی، پی ٹی آئی سمیت 17 سیاسی جماعتوں کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں 17 سیاسی جماعتوں کے خلاف کیسز کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جانبداری کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی اکاؤنٹس کی طرح 17 سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی سکروٹنی سے انکاری ہے، الیکشن کمیشن کے رویے سے پی ٹی آئی متاثرہ پارٹی ہے، الیکشن کمیشن کو 17 سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی چھان بین کا حکم دیا جائے، الیکشن کمیشن کو حکم دیا جائے کہ اسٹیٹ بنک تمام سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی چھان بین کرے، اسٹیٹ بنک کی رپورٹ کے بعد الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی تفصیلات عام کرے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جائے 17 سیاسی جماعتوں کے کیسز روزانہ کی بنیاد پر سن کر ایک ماہ میں فیصلہ کرے اور الیکشن کمیشن کو یہ ہدایت بھی کی جائے پی ٹی آئی کے ساتھ جانبدارانہ رویہ نہ رکھے۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو کام سے روک دیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو کام سے روک دیا گیا۔ محکمہ قانون اور پارلیمانی امور نے ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کو مراسلہ بھیج دیا۔
مراسلے کے متن میں کہا گیا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی نمائندگی کرنا ہے، صوبائی حکومت کی عدم موجودگی میں ایڈوکیٹ جنرل عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے، احمد اویس کسی عدالت میں پنجاب حکومت کی نمائندگی نہیں کرسکتے۔

سرکاری ملازمین کیلئے اچھی خبر: عید سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سرکاری ملازمین کیلئے اچھی خبر، حکومت نے عیدالفطر سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی کا فیصلہ کرلیا۔
حکومت نے عیدالفطر سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری ملازمین کو عید کی چھٹیوں سے قبل تنخواہ ادا کی جائیگی۔ سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی جلد ادائیگی عیدالفطر کی وجہ سے کی جائے گی۔

پی ٹی آئی کےناکام سیاستدان بلاول بھٹو کی سیاست سے خوفزدہ ہیں، شیری رحمان

لندن : (ویب ڈیسک) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے تمام ناکام سیاستدانوں کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سیاست سے خوف ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین بلاول بھٹو کے عوامی مارچ سے بھی اتنا ہی پریشان تھی جتنا اب ان کے لندن کے دورے سے ہے۔بلاول بھٹو زرداری عمران خان اور ان کے ترجمانوں کے اعصاب پر سوار ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ نوجوان سیاستدان نے عدم اعتماد تحریک کی قیادت کر کے ثابت کر دیا وہ اس ملک کی سیاست کا مرکز ہیں۔مخالفین کے پاس جب سیاسی جواب نہیں ہوتے تو ذاتیات پر اتر آتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ان کی بدزبانی اور بدتمیزی سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہمارے نوجوان قائد نے ان کی سیاسی دکان بند کر دی ہے۔اب بد تہذیبی اور گالم گلوچ کی نہیں، پارلیمان، آئین اور جمہوریت کی سیاست ہوگی۔

پاکستان کیلئے بڑا اعزاز، اخوت کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کا نام نوبیل امن انعام کیلئے نامزد

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کیلئے بڑا اعزاز، اخوت کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کا نام نوبیل امن انعام کیلئے نامزد کر دیا گیا۔ انہیں غربت کے خاتمے کیلئے کوشش اور انسانیت کی خدمت پر نامزد کیا گیا۔
ڈاکٹر امجد ثاقب کا کہنا تھا کہ ساری خدمات صرف رضائے الٰہی کیلئے انجام دیتے ہیں، قرض حسنہ کا پروگرام چند ہزار روپے سے شروع کیا تھا، ملک بھر سے 50 لاکھ افراد کو قرض حسنہ دیا گیا، ضرورت مندوں کو بغیر سود قرض حسنہ دیا جاتا ہے، رواں مالی سال 40 ارب روپے بلاسود قرض حسنہ کا ہدف پورا ہوگا، سرمایہ دارانہ نظام نے لوگوں سے اعتماد چھین لیا ہے، کوئی بھی شخص اپنا نام خود نوبیل پرائز کیلئے نامزد نہیں کرسکتا۔
امجد ثاقب نے کہا کہ اخوت فلاح انسانیت کیلئے ایک مکمل نظام ہے، ہم مکمل خود اعتمادی کے ساتھ لوگوں کو قرض حسنہ دیتے ہیں، اخوت اب تک 50 لاکھ افراد کو مائیکرو فنانسنگ سے مستفید کرچکا، آج 162 ارب سے قرض حسنہ پروگرام سب سے بڑا منصوبہ بن گیا ہے، نوبیل انعام کیلئے نامزدگی پر خوشی ہے، دیگر ممالک میں بھی ہمارے ماڈل کو اپنا نے پر کام کیا جا رہا ہے، غربت کوعجائب گھر کی زینت بنانا چاہتے ہیں۔

پنجاب میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 400 روپے مقرر ، اطلاق آج سے ہوگا

لاہور : (ویب ڈیسک) پنجاب میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 400 روپے مقرر کر دی گئی جس کا اطلاق آج سے ہوگا۔
پنجاب میں رمضان میں ریلیف پیکیجا کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 550 روپے سے کم کر کے 400 روپے مقرر کی گئی ،فلور ملز 20 کلو پیکنگ میں آٹا تیار نہیں کریں گی، صرف 10 کلو سبز تھیلا کی پیکنگ سپلائی ہوگی۔
خیال رہے کہ بزدار حکومت نے صرف رمضان بازاروں میں سستا آٹا پیکیج دیا تھا کہ جب نئی حکومت نے صوبے نرخ تمام صوبے میں یکساں طور پر لاگو کئے ہیں ۔

حضرت علیؓ کا یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

لاہور : (ویب ڈیسک) شیر خدا ، خلیفہ چہارم ، امیر المومنین حضرت علیؓ کا یوم شہادت آج 21 رمضان المبارک کو نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے ۔
یوم علیؓ کی مناسبت سے ملک بھر کی مساجد ، امام بارگاہوں اور مختلف مقامات پر سیمینار اور تقریبات ہوں گی جن میں علماء اور ذاکرین حضرت علیؓ کی حیات مبارکہ اور اسلام کیلئے خدمات پر روشنی ڈالیں گے ۔ یوم علیؓ کی مناسبت سے لاہور مین مرکزی جلوس مبارک حویلی سےبرآمد ہو چکا ہے جو شام 5بجےکربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پزید ہو گا۔
پنجاب میں مجموعی طور پر 234 جلوس برآمد ہو رہے ہیں جبکہ صوبہ بھر میں 868 مجالس برپا ہوں گی ۔ حفاظتی اقدامات کے طور پر ماتمی جلوسوں کی گزر گاہوں کو کنٹینرز لگا کر بند رکھا گیا ہے ، راستے میں آنے والے کاروباری مراکز بھی بند رکھے گئے ہیں ۔