عید پر تین دن کیلئے ریلوے کے کرائے میں 30 فیصد کمی کی جائے گی، سعد رفیق

لاہور:(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عید قریب ہے سب کو تنخواہ ملے گی اور عید پر تین دن کے لیے ریلوے کے کرایے میں 30 فیصد کمی کی جائے گی۔
لاہورمیں ریلوے ہیڈکوارٹر کے دورہ کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ وقت کم ہیں کوشش کریں گے خرابیوں کو دور کریں، ریلوے کا انجن سٹارٹ کر دیا ہے اب اس کو پیٹری پر ڈالنا ہے، ریلوے کے ملازمین کو پنشنر کو وقت پر ادائیگی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نیب کی وجہ سے بہت تباہی ہوئی، افسران نے ترقیاتی منصوبوں کو ہاتھ تک نہیں لگایا، جو قابل افسران ہے وہ کام کریں گے، سول ایو یشن میرے لیے چیلنج ہے اس میں بھی بہتری لائی گی، میں ماضی میں ریلوے سیاست پر بات نہیں کرتا تھا اب مجبوری ہے۔
سعد رفیق نے کہا کہ اگر ٹھیک سے حکومت چلا رہے ہوتے تو کیا ضرورت تھی ہمارے تو نمبر پورے نہیں تھے، عمران خان نے خود کو نکالنے کی سازش کی اور اس کو جادو ٹونے کا تڑکا لگا ہے، پی ایم ہاؤس سے وزیر اعظم ہاؤس کا چکر 98 کرڑو کا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون کا تعلق پاکستان کے مستقل کے ساتھ ہے جبکہ منصوبے پر کام روکا ہوا ہے۔

اسرائیلی فورسز کی کوشش ناکام، مسجد اقصیٰ میں ڈیڑھ لاکھ نمازیوں نے جمعہ ادا کیا

یروشلم: (ویب ڈیسک) یروشلم اسلامی وقف بورڈ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے تیسرے جمعہ کو تقریبا ڈیڑھ لاکھ فلسطینیوں نے مسجد اقصیٰ میں باجماعت نماز ادا کی۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ مشرقی یروشلم کے احاطے میں رمضان المبارک کے تیسرے جمعہ کی نماز کے دوران اسرائیلی پولیس اہلکاروں نے نہیتے فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور مسجد سے بے دخل کرنے کی کوشش کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی پولیس اہلکاروں کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ، ربڑ کی گولیوں کے استعمال 30 سے زائد فلسطینی اور 3 صحافی بھی زخمی ہوئے۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کی جانب سے پتھراؤ کرنے پر آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔
اس سے قبل مسجد اقصٰی میں یہودیوں کو عبادت کا موقع دینے کے لیے مسلمان نمازیوں کو جبری طور پر باہر نکال دیا تھا جبکہ امتیازی سلوک پر احتجاج کرنے والے نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا اور یہودیوں سیکورٹی فراہم کرتے ہوئے عبادت کی اجازت دی۔
یاد رہے کہ گزشتہ جمعہ کے روز اسرائیلی پولیس نے 150 سے زائد فلسطینیوں کو شیلنگ کرکے زخمی کردیا تھا جبکہ 400 سے زائد نمازیوں کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔

کینیا کے سابق صدر 90 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

نیروبی: (ویب ڈیسک) مشرقی افریقہ پر ایک دہائی سے زائد عرصے تک حکومت کرنے والے سابق صدر موائی کیباکی 90 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق افریقی ملک کینیا پر ایک دہائی تک حکمرانی کرنے والے کیباکی کی طبعیت سنہ 2002 میں کار حادثے کے بعد سے ناساز رہتی تھی تاہم موت کی وجوہات آفیشلی بیان نہیں کی گئیں۔
کینیا کے موجودہ صدر یوہورو کینیاٹا نے کیباکی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت ملک و قوم ہم ایک عظیم لیڈر سے محروم ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق کیباکی نے کینیا کے تیسرے صدر کی حیثیت خدمات انجام دی اور دسمبر 2002 سے 2013 تک ملک پر حکومت کی۔
سنہ 2007 میں کیباکی کے دور صدارت کے دوران کینیا کے انتخابات کے دوران ملک میں بدترین فسادات ہوئے تھے جس میں 1100 افراد لقمہ اجل بنے تھے۔
میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر کیباکی نے افریقی ممالک کی نسبت کینیا کی معیشت کو مضبوط کیا، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے متعدد منصوبے متعارف کرائے اور صحت و تعلیم کے شعبوں کو فروغ دیا۔

ماتھے پر بندی نہ لگانے پر ہندوانتہا پسند کرینہ کپور کے خلاف میدان میں آگئے

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت میں ہندو انتہا پسندوں نے بالی ووڈ کی سپر اسٹار کرینہ کپور کو بھی اپنے نشانے پر لے لیا اور اداکارہ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کررہے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کرینہ کپور کے ماتھے پر بندی نہ لگانے پر ہندو انتہا پسند آپے سے باہر ہوگئے اور اس عمل کو ہندو رسم ورواج ختم کرنے کی سازش قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ عوام اداکارہ کا بائیکاٹ کریں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بالی ووڈ اداکارہ نے جیولری کے برانڈ کے لیے ایک اشتہار میں کام کیا اور اس دوران وہ پوسٹر میں بغیر بندی کے نظر آئیں جس پر انتہا پسند آگ بگولہ ہوگئے۔
برانڈ کی مارکیٹنگ کے لیے اشتہار میں کرینہ کپور نے مختلف رنگ کا عروسی لہنگا زیب تن کیا اور سونے کی جیولری پہنی۔

نواز، بلاول ملاقات کی اندرونی کہانی، ای وی ایم کے استعمال کا فیصلہ واپس لینے پر اتفاق

لاہور: (ویب ڈیسک) لندن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس کے مطابق ملاقات میں صدر مملکت کے مواخذے کیلئے تجاویز طلب کرلی گئیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کے استعمال کا فیصلہ واپس لینے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف اور بلاول بھٹو کی ملاقات کی اندرونی کہانی میں بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں میں چارٹر آف ڈیمو کریسی ٹو کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں صدر مملک کے مواخذے کے حوالے سے تجاویز بھی طلب کی گئیں، سابقہ حکومت کی الیکشن ترامیم کو ختم کرنے بھی گفتگو کی گئی۔
اس حوالے سے ذرائع کا بتانا تھا کہ ای وی ایم مشینوں پر الیکشن کروانے کا فیصلہ بھی واپس لیا جائے گا، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس آج لندن میں ہوگا، پیپلز پارٹی سے شیری رحمٰن، نوید قمر، قمر زمان کائرہ اور مسلم لیگ ن سے اسحٰق ڈار، عابد شیر علی شریک ہوں گے۔
اجلاس میں میثاق جمہوریت اور دیگر معاملات کے حوالے سے تجاویز پر غور ہوگا، ملاقات کے بعد رپورٹ نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کو پیش کی جائے گی۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں کوئی نئی بات نہیں: شاہ محمود قریشی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں کوئی نئی بات نہیں، پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات میں مداخلت کی گئی، چیف جسٹس کی سربراہی میں اوپن سماعت کیلئے کمیشن تشکیل دیا جائے۔
قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے اعلامیہ پر ردعمل دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اجلاس کے بعد وزیرداخلہ نے پریس کانفرنس کی، اعلامیے کو دیکھنے کے بعد کہنے پر مجبور ہوں کوئی نئی بات نہیں تھی، پچھلے اجلاس کی فائنڈنگ، منٹس کو انڈوز یعنی مہر ثبت کر دی، اگر ایسا ہی ہونا تھا تو پھر اجلاس سے حاصل کیا ہوا، اجلاس سے وزیراعظم نے اپنے لیے مزید مشکلات پیدا کی ہیں، معاملہ نیشنل سکیورٹی کے اجلاس کا تھا اور وزیر داخلہ پریس کانفرنس میں ذکر ای سی ایل کا کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور مریم اس مراسلے کو من گھڑٹ کہہ رہے تھے، آج ثابت ہوگیا کہ مراسلہ درست تھا، یہ مراسلہ پچھلے منٹس کی توثیق کر رہا ہے، پچھلے منٹس میں کہا گیا کہ پاکستان کے معاملات میں مداخلت کی گئی، سوال یہ ہے کہ قوم کے ذہن پر سوار ہے کہ حقیقت کیا ہے، آج اس حکومت نے اپنی ساکھ متاثر کی ہے، لوگوں کا اعتماد اٹھ گیا کہ اس حکومت کا پردہ پوشی کا ارادہ ہے، ایک جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے کہ معاملات کی تہہ تک پہنچے، اس کمیشن کے لیے ہم نے سپریم کورٹ کی خدمت میں مراسلہ بھیجا، سپریم کورٹ اس مراسلے کا جائزہ لیکر کمیشن تشکیل دے سکتی ہے یہ اس کا اختیار ہے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارا موقف پہلے سے زیادہ مضبوط ہو گیا ہے، لوگ سمجھتے ہیں کہ موجودہ حکومت کور اپ کی کوشش کر رہی ہے، لوگوں کا موجودہ حکومت پر مزید اعتماد ٹوٹ گیا ہے، ہمارا مطالبہ پہلے سے زیادہ زور پکڑ گیا ہے، عوام نے ’امپورٹڈ حکومت‘ کو مسترد کر دیا ہے، مینار پاکستان کا جم غفیر ہمارے موقف کی تائید کر رہا ہے، رکاوٹوں کے باوجود لاکھوں لوگ نےعمران خان کے نکتہ نظر پر مہر لگا دی۔
ان کا کہنا تھا کہ لندن میں بے نظیر کا بیٹا پنجاب میں پیپلزپارٹی کی سیٹوں کی بھیک مانگ رہا ہے، بلاول بھٹو لندن میں سیٹوں کی خیرات مانگنے گیا ہے، بلاول نے پیپلزپارٹی کا پنجاب میں جنازے کا اعتراف کرلیا ہے، پیپلزپارٹی کے نظریاتی کارکنوں کو عمران خان کی طرف مائل ہونا چاہیے، پی پی پی کے ستھرے لوگوں کو پی ٹی آئی میں آنے کی دعوت دیتے ہیں۔

رحمتوں اور برکتوں بھرے مہینے کا آخری عشرہ، لاکھوں مسلمان اعتکاف بیٹھ گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) رحمتوں اور برکتوں بھرے مہینے کا آخری عشرہ، لاکھوں مسلمان اعتکاف بیٹھ گئے، دو سال بعد کورونا ایس او پیز کے خاتمے پر بڑی تعداد میں معتکفین کی محافل سج گئیں، مساجد میں خصوصی اہتمام کیا گیا۔
رحمتوں کے مہینے میں عبادتوں کی سعادتیں کا لطف لینے اور اللہ کی رضا حاصل کرنے کے لیے شہر قائد کی چھوٹی بڑی مساجد میں ہزاروں افراد اعتکاف میں بیٹھ گئے، کورونا وبا کی ایس او پیز کا خاتمہ ہوا تو لوگوں کو جوش و خروش دیدنی تھا بڑے پیمانے پر تیاریاں کی گئیں، اعتکاف کرنے والوں میں نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔
گزشتہ دوسال تک کورونا وبا کی ایس او پیز کے باعث مساجد میں اعتکاف محدود کر دیا گیا تھا، اعتکاف کرنے والوں کے لیے مساجد کے منتظمین نے انتظامات بھی مکمل کر لئے ہیں۔
فیضان مدینہ، مکی مسجد، مدنی مسجد اور رحمانیہ مسجد طارق روڈ سمیت شہر کی کئی مساجد میں معتکفین کیلئے اجتماعی انتظامات بھی کیے گئے ہیں، رضائے الٰہی کے حصول کے لئے شہر بھر کی مساجد میں بیٹھنے والے معتکفین شوال کا چاند نظر آنے تک مساجد میں قیام کریں گے۔

مائیک ٹائسن کی جہاز میں مسافر سے لڑائی، مکوں کی برسات کردی

سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ سابق امریکی باکسر مائیک ٹائسن نے دوران پرواز مسافر پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق باکسر مائیک ٹائسن اور مسافر کے درمیان جھگڑے کا واقعہ امریکی شہر سان فرانسسکو سے فلوریڈا جانے والی جیٹ بلیو کی پرواز ک دوران پیش آیا۔
سابق باکسر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافر کی جانب سے پرواز کے آغاز سے مسلسل ٹائسن کو ہراساں کیا جارہا تھا جس پر سابق باکسر نے کافی صبر تحمل کا مظاہرہ کیا لیکن مسافر نہ ماننا مائیک ٹائسن کی جانب پانی کی بوتل پھینکی۔
ترجمان نے بتایا کہ پانی کی بوتل لگنے پر مائیک ٹائسن آپے سے باہر ہوگئے اور مسافر پر مُکّوں کی برسات کردی۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مائیک ٹائسن مسافر کو مُکے مار رہے ہیں جب کہ ایک اور مسافر سابق امریکی باکسر کو روکنے کی کوشش کررہا ہے۔
واضح رہے کہ سابق امریکی باکسر مائیک ٹائسن باکسنگ کے رنگ اور رنگ کے باہر متشدد ہونے کے حوالے سے خاصے مشہور ہیں۔
سنہ 1992 میں جنسی زیادتی کا مجرم قرار دیکر تین سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جب کہ 1997 میں انہیں اپنے رقیب کا کان کاٹنے پر باکسنگ میچ سے ڈس کولیفائی کردیا گیا تھا۔

اب 120 دن سے زیادہ کسی کا نام ای سی ایل میں نہیں رہے گا: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کئی سال سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) ایک ایشو بن گیا تھا، کسی کوڈرانا ہوتا تھا تو قومی احتساب بیورو (نیب) کا نوٹس بھیج کر نام ای سی ایل پر ڈال دیاجاتاتھا۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ ای سی ایل میں اس وقت 4ہزار کے قریب لوگ ہیں، رولز کی منظوری کابینہ نے دے دی ہے، نئے قانون سے 3 ہزار لوگوں کو فائدہ ہوگا، ان کا نام ای سی ایل سے نکل جائے گا، 120دن سے زیادہ کسی کا نام ای سی ایل میں نہیں رہے گا۔
راناثنا اللہ نے کہا کہ اگر حکومت 120 دن میں کوئی شہادت نہیں لاتی تو از خود نام ای سی ایل سے نکل جائےگا۔
انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی میں ملوث لوگوں کواس قانون کےتحت فائدہ نہیں ملے گا، ملکی سلامتی کے خلاف لوگوں کو بھی اس سے فائدہ نہیں ہوگا، ای سی ایل میں اس وقت 4 ہزار 863 کے قریب لوگ ہیں ، جن کے نام عدالت نے ای سی ایل پر ڈالے ہیں وہ بھی مستفید نہیں ہوں گے۔
رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ عمران خان نےجب وزیراعظم کا حلف لیا تو پہلا کام یہ کیاتھا کہ ہماری سکیورٹی واپس لےلی تھی لیکن ہم عمران خان کو وہی سکیورٹی دے رہے ہیں جو ان کے سکریٹری اعظم خان نےچاہی تھی، عمران خان کوفول پروف سکیورٹی دینے کے آرڈر وزیراعظم شہباز شریف نے کیے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن کسی کو بھی حق سے محروم نہیں رکھیں گے، ہم نے جو قوانین بنائے ہیں اس میں ایساکچھ نہیں کہ ہمیں فائدہ ملے اور مخالفین کو نقصان ہو، میرٹ پر قوانین بنائے گئے ہیں۔
راناثنااللہ نے کہا کہ بلیک لسٹ اور پی این آئی ایل میں بھی لوگ شامل ہیں، ہم کوشش کریں گے اظہار رائے پر کوئی پابندی نہ ہو،ای سی ایل پر اگر کسی سے زیادتی ہوئی ہے تو اس پر انصاف ہوگا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بیرونی مداخلت نہیں ہونی چاہیے، سفیر لوگوں سے ملتا ہے تو اس کی اپنی رائے ہوتی ہے، امریکا سے سفیر کا بھیجا گیا خط آج پڑھا اور دیکھا ہے اس میں کسی کا نام نہیں۔

مریخ پر سورج گرہن کی ویڈیو جاری کردی گئی

پیساڈینا، کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکی خلائی تحقیقی ادارے ’’ناسا‘‘ نے مریخ پر سورج گرہن کی مختصر ویڈیو جاری کردی ہے جو صرف 49 سیکنڈ کی ہے۔ یہ مریخ سے دیکھے جانے والے سورج گرہن کی سب سے پہلی ویڈیو بھی ہے۔
مریخ پر بھیجے گئے ’’پرسرویرینس روور‘‘ نے یہ ایچ ڈی ویڈیو 2 اپریل 2022 کے روز اپنے طاقتور ’’ماسٹ کیم زی کیمرا سسٹم‘‘ سے بنائی تھی، جس میں مریخ کے چاند ’’فوبوس‘‘ کو سورج کے سامنے سے گزرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
بتاتے چلیں کہ ناسا کا ’’پرسرویرینس روور‘‘ اس وقت مریخ پر ایک وسیع گڑھے ’’جزیرو‘‘ میں ایک ایسے مقام پر موجود ہے جہاں سے ارد گرد کے قریبی اور دور دراز کا نظارہ دیکھا جاسکتا ہے۔
پرسرویرینس نے مریخ پر سورج گرہن کا منظر بھی یہیں سے فلم بند کیا ہے۔
زمین پر سورج گرہن کے دوران چاند تقریباً مکمل طور پر سورج کو چھپا لیتا ہے اور دن میں بھی رات جیسا منظر ہوجاتا ہے۔
اس کے برعکس، ناسا کی ویڈیو میں مریخی چاند فوبوس کو سورج کے سامنے سے گزرتے ہوئے ضرور دیکھا جاسکتا ہے لیکن وہ سورج کا معمولی حصہ اپنے پیچھے چھپا سکا ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ فوبوس، ہماری زمین کے چاند سے 157 گنا چھوٹا، یعنی صرف 22 کلومیٹر چوڑا ہے۔ اتنی کم جسامت کی وجہ سے وہ سورج کا چھوٹا سا حصہ ہی اپنے پیچھے چھپا سکتا ہے۔
مریخ کا دوسرا چاند ’’ڈیموس‘‘ اس سے بھی چھوٹا ہے، جس کی چوڑائی محض 13 کلومیٹر ہے۔ یہ دونوں چاند ہی بڑے پتھروں جیسے دکھائی دیتے ہیں۔
زمین کا چاند ان دونوں کے مقابلے میں بہت زیادہ بڑا ہے جس کا قطر 3475 کلومیٹر ہے۔