ایشیا کپ کی تیاریوں کے لیے قومی ہاکی ٹیم ہالینڈ روانہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ کی تیاریوں کے لیے قومی ہاکی ٹیم دورہ یورپ کے لیے ہالینڈ روانہ ہو گئی، 20 رکنی قومی ٹیم کی قیادت عمر بھٹہ کریں گے۔
دورہ یورپ میں پاکستانی ہاکی ٹیم ہالینڈ، بیلجیئم اور سپین کی ٹیموں کے ساتھ چھ میچز کھیلے گی۔ ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈم میں تین روزہ تربیتی کیمپ لگایا جائے گا، دورے کے آخری مرحلے میں قومی ٹیم سپین کے خلاف تین میچز کھیلے گی۔
قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ نے دورہ یورپ کو ایشیا کپ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ میچز سے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا، امید ہے ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔

نسیم شاہ کی جگہ محمد عامر کا گلوسسٹر شائر کاونٹی سے معاہدہ

لاہور: (ویب ڈیسک) فاسٹ بولر محمد عامر 2019 کے بعد اب پہلی بار کاونٹی کرکٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
پاکستانی پیسر نسیم شاہ کی جگہ محمد عامر گلوسسٹرشائر کی نمائندگی کریں گے، ان کا تین میچز کے لیے کاونٹی سے معاہدہ ہوا ہے۔
کاونٹی ترجمان کے مطابق محمد عامر 28 اپریل کو سرے کے خلاف میچ سے اپنا ڈیبیو کریں گے۔
محمد عامر نے گلوسٹرشائر کے ساتھ معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاونٹی کرکٹ کھیلنے کو بے تاب ہوں اور پوری کوشش ہوگی کہ عمدہ کارکردگی دکھا کر توقعات پر پورا اتروں۔
واضح رہے کہ پاکستانی پیسر نسیم شاہ انجری کے سبب ایک ماہ تک دستیاب نہیں ہیں۔

کراچی: پولیس نے تاوان کیلئے اغوا کا مقدمہ تک درج نہ کیا، اغوا کاروں نے تشدد کی ویڈیو جاری کردی

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے سے تاوان کے لیے اغوا بزرگ شہری کو بازیاب کرانا تو درکنار پولیس نے واقعہ کا مقدمہ تک درج نہ کیا، اغوا کاروں نے مغوی کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ویڈیو جاری کردی، ویڈیو میں ایک کروڑ روپے تاوان مانگا جارہا ہے۔
سپر ہائی وے گل گوٹھ سے بزرگ شہری 31مارچ کو اغوا ہوئے، اکیس دن سے زائد گزرجانے کے بعد تاحال پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا۔ اغوا کاروں نے مغوی کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ویڈیو جاری کردی، ویڈیو میں اغوا کاروں کو مغوی پر تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ بزرگ شہری اغواکاروں سے رحم کی اپیل کے ساتھ اپنے اہلخانہ سے مخاطب ہے کہ تاوان دیکر مجھے رہا کرایا جائے۔
لواحقین کے مطابق بشیر احمد 31مارچ کو کام سےجانے کا کہہ کر نکلا لیکن واپس نہیں آیا، بشیر کے نمبر سے 6 تاریخ کو اغواکاروں کی کال آئی جنہوں نے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔
اہلخانہ کے مطابق جب ہم ایس ایچ او سائٹ سپرہائی وے کے پاس گئے تو ایس ایچ او رانا حسیب نے مدد کرنے کے بجائے ہم سے اپنی مرضی کے بیان پر زبردستی دستخط کرا لیے۔ ایس ایچ او رانا حسیب نے کہا کہ میرا بزرگ چچا لڑکی کے چکر میں گیا ہو گا، ہم ایس ایچ او کے پاس 14,15 اپریل کو دوبارہ گئے۔
ان کا مزید کہنا تھا ایس ایس پی ایسٹ سے آرڈر لے آئو تو مقدمہ درج کر دوں گا۔ تین دن پہلے بشیر احمد کی اغواکاروں نے ویڈیو بھیجی، بشیر احمد کے عوض 1 کروڑ تاوان مانگا ہے۔ ویڈیو میں بزرگ مغوی رو رہا ہے جبکہ اغواکار بزرگ مغوی پر تشدد کررہے ہیں۔ اہلخانہ کے مطابق پولیس معاملے کو سنجیدہ نہیں لے رہی وہاں مغوی کی جان کو شدید خطرہ ہے۔

گرمی آتے ہی بجلی غائب: شارٹ فال 5 ہزار 800 میگاواٹ، 8 سے 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 800 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ شہروں میں 8 سے 10 گھنٹے جبکہ دیہات میں 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 21 ہزار 500 میگاواٹ جبکہ مجموعی پیداوار 15 ہزار 700 میگا واٹ ہے۔ پانی سے بجلی کی پیداوار 1 ہزار میگاواٹ، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس سے 2200 میگاواٹ جبکہ آئی پی پیز سے پیداوار 12 ہزار 500 میگاواٹ ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ساڑھے 3 سال میں جو بجلی پیدا کی گئی تھی وہ کدھر ہے۔
دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ شارٹ فال میں اضافے کی وجہ پن بجلی کی پیداوار میں کمی کیساتھ بند پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار بحال نہ ہونا ہے۔

غیر ملکی سازش کے کوئی ثبوت نہیں ملے، اعلامیہ قومی سلامتی کمیٹی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق ایجنسیوں نے بریفنگ دی کہ غیر ملکی سازش سے متعلق کوئی ثبوت نہیں ملا جبکہ قومی سلامتی کمیٹی نے گذشتہ اعلامیے کی بھی توثیق کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا علامیہ جاری کردیا گیا ہے، اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیفس، دفاع، خارجہ، داخلہ، اطلاعات کے وزراء نے شرکت کی۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں واشنگٹن سے پاکستانی سفارتخانے کے مراسلے کا جائزہ لیا گیا، امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر اسد مجید نے اجلاس میں شرکت کی، اسد مجید نے اجلاس کو ٹیلی گرام کے مواد اور پس منظر پر بریفنگ دی۔
اجلاس کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گزشتہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی، ٹیلی گرام میں کسی سازش کے ثبوت نہیں ملے، سکیورٹی ایجنسیز نے قومی سلامتی کمیٹی کو سازش کے ثبوت نہ ملنے سے آگاہ کر دیا، سکیورٹی ایجنسیز کی معلومات کے مطابق کوئی بیرونی سازش نہیں ہوئی۔
اعلامیہ کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کو ٹیلی گرام موصول ہوا، خفیہ اداروں نے مراسلے کی تحقیقات کیں، مرکزی سکیورٹی ایجنسی کے مطابق کوئی بین الاقوامی سازش نہیں ہوئی، دوران تحقیقات غیر ملکی سازش کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔

مسلم لیگ ق کے حسین الہٰی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے نامزد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری حسین الہٰی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے نامزد کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے اور شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی سے استعفے دے دیئے گئے جس کے بعد کوئی بھی اپوزیشن لیڈر کی نشست خالی ہے۔
اسی تناظر میں پاکستان مسلم لیگ (ق) نے فیصلہ کرتے ہوئے حسین الہٰی کو قائد حزب اختلاف کے لئے نامزد کر دیا ہے۔
اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو تحریری طور پر درخواست دے دی گئی، درخواست پر مسلم لیگ ق کے ایم این اے مونس الٰہی، ایم این اے فرخ اقبال اور حسین الٰہی کے دستخط موجود ہیں۔

نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے سے متعلق عدالتی حکم کیخلاف اپیل دائر کرنیکا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے سے متعلق عدالتی حکم، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے سنگل بنچ کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا رد عمل سامنے آ گیا ہے، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے سنگل بنچ کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ صدر پاکستان کیس میں فریق نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان کو کوئی حکم جاری نہیں کیا جا سکتا۔

پی ٹی آئی کے استعفیٰ، ارکان سے ون آن ون ملاقات کروں گا، اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی ارکان کو استعفوں کے معاملے پر بلانے کا اعلان کر دیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے استعفوں کے معاملے پر پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو بلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں سے متعلق رولنگ دے چکا ہوں اور بہت جلد پی ٹی آئی کے اراکین کو بلا کر قانون کے مطابق فیصلہ کروں گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ استعفے قانون کے مطابق منظور ہوں گے اور استعفیٰ دینے والے ارکین کو اپنے چیمبر میں بلا کر ون آن ون ملاقات کروں گا۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ استعفوں کی منظوری کا عمل جلد شروع ہو گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف کون لے گا ؟ صدر نمائندہ مقرر کرے، لاہور ہائیکورٹ کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب کے حلف کے معاملے پر گورنر کی معذرت کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے صدر پاکستان کو نمائندہ مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔
‏لاہور ہائی کورٹ میں وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف نہ لینے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے حمزہ شہباز کی وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف نہ لینے کے خلاف درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے صدر پاکستان کو گورنر کی معذرت کے بعد نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حمزہ شہباز کی درخواست نمٹا دی۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس گورنر پنجاب سے ہدایات لے کر عدالت میں پیش ہوئے۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے مؤقف اخیار کیا کہ گورنر پنجاب کی حلف نہ لینے کی وجوہات صدر کو بھیج رہے ہیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ امیر بھٹی نے کہا کہ 21 روز ہو چکے ہیں صوبے کا کوئی وزیر اعلیٰ نہیں ہے، آپ کی تجویز سے اتفاق نہیں کرتا۔ گورنر کب وہ وجوہات بھیج رہے ہیں ؟ میں نے آپ کو ایک گھنٹہ دیا تھا۔
ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ گورنر پنجاب کسی عدالت کو جواب دہ نہیں ہیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ گورنر پنجاب 4 دن سے یہ معاملہ لے کر بیٹھے ہوئے ہیں۔ جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ گورنر پنجاب صدر کو حلف نہ لینے کی ساری وجوہات بیان کریں گے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ساری وجوہات بالکل لکھیں لیکن وہ کب لکھیں گے ؟
ایڈووکیٹ جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ کسی کو بھی آئین سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہے۔ اگر گورنر نے کوئی چیز پوچھی تو میں نے آئین سے دیکھ کر بتا دیا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ یہ بات گورنر پنجاب کو بھی بتا دیں جو یہاں عدالت میں بتا رہے ہیں۔ اس سسٹم کو تباہ ہوتے نہیں دیکھ سکتے، بچانے کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔
عدالت نے حکم دیا کہ 2 بجے تک گورنر پنجاب نے کوئی فیصلہ لے لیا تو ٹھیک ورنہ عدالت اپنا حکم پاس کرے گی۔ گورنر حلف پر سونے کی بجائے ایکشن لیتے۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ غلط ہوا اور گورنر نے حلف سے انکار کر دیا ہے اور وہ اپنے انکار کی وجوہات صدر پاکستان کو بھیج دیں گے۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے ساتھ یہ صورتحال ہے تو دوسرے اداروں کے ساتھ کیا ہو گی ؟ ہم قانون اورآئین کے دفاع کے لیے بیٹھے ہیں۔ گورنر قابل احترام ہیں ان کا احترام لازم ہے۔

عمران خان نے 2 کروڑ لوگوں کوغربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے 2 کروڑ لوگوں کوغربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عدم اعتماد کے ذریعے حکومت گرائی گئی جو آئینی اور قانون طریقہ ہے۔ گزشتہ حکومت نے الزامات کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ ساڑھے 3 سال گزشتہ حکومت نے کیا کیا ؟
انہوں نے الزام عائد کیا کہ 73 لاکھ ڈالر کی منی لانڈرنگ کی گئی، کشمیر کا سودا کیا گیا اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا غلام بنایا گیا۔ عمران خان کہتے ہیں غلطی کو ٹھیک کریں، کس غلطی کی بات کرتے ہیں ؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے آئین پر حملہ کیا اور کہتے ہیں بیرون ملک سازش ہوئی۔ کرپشن کے الزامات لگائے گئے لیکن ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی جبکہ عمران خان نے 2 کروڑ لوگوں کوغربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی وزارت عظمیٰ کی کرسی تھی یا کوئی کاروباری کرسی۔ عمران خان نے گزشتہ رات توشہ خانہ پر لیکچر دیا اور گزشتہ 4 سال میں عمران خان کی تقاریر تبدیل نہیں ہوئیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے چینی ایکسپورٹ کر کے قلت پیدا کی اور ریاست مدینہ کے دعویداروں نے لوگوں کو قطاروں میں کھڑا کیا۔ توشہ خانہ بیت المال ہے جس پر ڈاکہ ڈالا گیا جبکہ عمران خان نے آئین پر حملہ کیا اور اسے پامال کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سائیکل پر دفتر جانا تھا اور گورنر ہاؤس میں یونیورسٹی بنانی تھی۔ عمران خان نے 50 لاکھ گھر دینے تھے لیکن عمران خان کی معاشی دہشتگردی کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اب ڈسکہ کی طرح بیلٹ باکس دھند میں گم نہیں ہوں گے اور عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ عمران خان نے آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا نہیں کیا۔ عمران خان اپنی غلطیوں اور جھوٹ پر عوام سے معافی مانگیں۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف عمران خان کی منظم مہم کا نوٹس لے لیا گیا ہے۔